وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، شہری خوشگوار موسم کا لطف اٹھا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہرِ اقتدار اسلام آباد اور کراچی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برس پڑے۔
اٹک، حافظ آباد اور چنیوٹ سمیت صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں اور کراچی سمیت سندھ کے کچھ علاقوں میں بارش اور بوندا باندی ہورہی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے ملک بھر کے مختلف شہروں میں جمعے کے روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ وزیر آباد میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ابتدائی بوندا باندی کے بعد موسلادھار بارش شروع ہوگئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ لاہور اور گردونواح میں بھی بارش ہورہی ہے۔
پشاور میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سرگودھا، چکوال، کامونکی اور مردان سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی۔
خیبر پختونخوا، پنجاب، آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں بھی بارش ہوئی۔ محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات پیش آئے جن کے دوران 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
شہرِ قائد کے کئی علاقوں میں 5 روز قبل ہونے والی بارش کے بعد پانی سڑکوں پر موجود رہا۔ متعدد بس اسٹاپس پر بھاری مقدار میں پانی کھڑا ہونے کے باعث عوام کو آمدورفت میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بارش کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری رہا۔
کھڑے ہوئے پانی کی نکاسی عمل میں نہ لائی جاسکی۔ کراچی کے علاقے حسین آباد میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے شہری جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے بھی تصدیق کی کہ راحیل کی وفات کرنٹ لگنے کے باعث ہوئی۔
مزید پڑھیں: بارش کے بعد مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات، 3افراد جاں بحق