کراچی: سپر ہائی وے کے قریب تیزرفتار گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ تیزرفتاری اور بارش کے باعث سڑک پر پیدا ہونے والی پھسلن کے باعث پیش آیا۔ گزشتہ کچھ روز سے کراچی میں وقفے وقفے سے بارش اور بوندا باندی جاری ہے۔
سڑک پر بارش کے باعث پیدا ہونے والی پھسلن کے باعث تیز رفتار گاڑی الٹ گئی۔ زخمی ہونے والے 12افراد کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جنہیں طبی امداد مہیا کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں بس اور ٹریلر کے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ڈی جی خان میں آج تونسہ روڈ پر ہونے والے حادثے کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
مزید پڑھیں: ڈی جی خان، بس اور ٹریلر کا خوفناک تصادم، 16 افراد جاں بحق ہوگئے
قبل ازیں صوبہ بلوچستان سے دادو جانے والی مسافر کوچ تیزرفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق جبکہ 50 زخمی ہوگئے۔
یہ افسوسناک حادثہ گزشتہ ماہ 11 جون کو صبح کے وقت خضدار میں کھوڑی کے مقام پر پیش آیا، بس کے 15 مسافر موقعے پر جاں بحق ہو گئے جس کے بعد متعدد افراد ہسپتال میں علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
مزید پڑھیں: دادو جانے والی مسافر کوچ الٹ گئی، 23 افراد جاں بحق، 50 زخمی
آج سے 2 ماہ قبل ڈیفنس لائیبریری کے پاس تیز رفتار مزدا فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 7 خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔
ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر کے مطابق تمام زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں طبی امداد مہیا کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
مزید پڑھیں: کراچی، ڈیفنس میں تیز رفتار مزدا الٹ گئی، خواتین سمیت 9 افراد زخمی