اسلام آباد: جمعیت علمااسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے آزادی مارچ کے لیے کارکنوں کو انتظامات کی ہدایت جاری کردی گئیں۔
آزادی مارچ میں شریک جے یو آئی ف کے کارکن سلنڈر، چولھے اور بستر ساتھ اپنے لائیں گے ،انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جہاں روکا گیا وہیں دھرنا دے کراس شہر کو لاک ڈاون کر دیں ، مارچ سے قبل جے یوآئی ف کارکن ریلیاں نکالیں گے اورتبلیغی جماعت کی طرز پر کارکن آزادی مارچ میں شرکت کریں گے ۔
ایک حساس ادارے کی رپورٹ کے مطابق آزادی مارچ کے حوالے سے جے یو آئی ف کی میٹنگز کا سلسلہ عروج پر ہے، پارٹی کی جانب سے اپنے کارکنوں کو گرفتاری سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے،حساس اداروں نے آزادی مارچ کے حوالے سے رپورٹس مرتب کرنا شروع کر دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جے یوآئی کا مارچ اور دھرنا تبلیغ کی طرز پر ہو گا، 10 سے 12 کارکنوں پر مشتمل ایک جماعت ہوگی ، 2 خادم ہوں گے اورخادم تبدیل ہوتے رہیں گے ہر جماعت مل جل کر امداد باہمی کے تحت پیسے اکٹھے کر کے آزادی مارچ میں شریک ہوگی اور لوگ ملکرکھانا وغیرہ پکائیں گے ۔
اس طرح دھرنا اور مارچ کے اخراجات پورے کیے جائیں گے، قیادت کی گرفتاریوں پر خود بخود امیر بھی تبدیل ہو جائیں گے۔
جے یوآئی کے کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہر ممکن صورت گرفتاری سے بچا جائے اور ہر کارکن اپنی مالی حیثیت کے مطابق آزادی مارچ میں شریک ہوگا۔
آزادی مارچ میں جمعیت کے وکلا اور ڈاکٹروں کی ذمہ داری خدمت پر مامور ہوگی ، وکلاکارکنوں کو مفت قانونی معاونت اور ڈاکٹر سہولت فراہم دینگے ،ابتدائی طبی امداد کاسامان ہمراہ ہو گا۔
جے یوآئی کے مارچ سے قبل 100/100موٹر سائیکل سواروں کی ٹولیاں ملک بھر میں ریلیاں نکالیں گی جس میں پارٹی پرچم کے ساتھ اورختم نبوت زندہ باد کے نعرے لگائے جائیں گے۔