راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کا امن اور خوشحالی پاکستان کے امن اور خوشحالی کا ضامن ہے۔
پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 7ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کیاہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مشکل سے حاصل شدہ امن سے فوائد حاصل کیے جائیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ پائیدار استحکام کے لیے سماجی اور معاشی ترقی کو تیز کیا جائے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہر قسم کے خطرات جامع قومی پالیسی کا تقاضہ کرتے ہیں۔ فوج دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ ملکر قومی اور صوبائی ردعمل کو قابل عمل بنانے میں مصروف ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم پرعزم قوم ہیں، جو امن و استحکام کے لیے ہر آزمائش میں پوری اتری ہے۔ پاکستان اور بلوچستان کی خوشحالی کے لیے فوج اور سیکورٹی ادارے دشمنوں کے خلاف پرعزم ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق 7ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان میں اراکین پارلیمنٹ ، بیوروکریٹس ، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم کا آئندہ کسی بھی نجی تقریب میں سیکیورٹی اور پروٹوکول کے بغیر جانے کا اعلان