ملک بھر میں بارش کے نئے سلسلے کی پیشگوئی ، سموگ کی شدت میں کمی کاامکان

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Rainfall radar and weather Pakistan
ملک بھر میں بارش کے نئے سلسلے کی پیشگوئی ،موسم کی خشکی ختم اور سموگ کی شدت میں کمی کاامکان

اسلام آباد /کاغان:حالیہ بارشوں نے موسم سرما کی نوید سنا دی ہے اور جلد ہی دوبارہ بارش کے نئے سلسلے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ موسم سرما کی بارشوں سے موسم کی خشکی ختم اور سموگ کی شدت میں کمی آئیگی۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق ا سموگ کے پیش نظر اینٹوں کے بھٹے یکم نومبر سے 20 دسمبرتک بند رہیں گے۔ادھر وادی کاغان میں بارش کے بعد پہاڑوں پر موسم کی پہلی برفباری ہوئی جس سے موسم سہانا ہوگیا،برف باری کے پیش نظر بابو سر کاغان روڈ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ۔

ترجمان این ایچ اے کے مطابق بابو سر ٹاپ پر 8 انچ سے زائد برف پڑ چکی ہے، بابو سر ٹاپ کی بندش سے نیشنل گیمز کی مشعل کا خیبر پختون خواہ میں داخلہ مشکل ہو گیا۔عہدیداران کو نیشنل گیمز کی گلگت سے آنے والی مشعل ہفتہ کی صبح بابو سر ٹاپ پر وصول کرنا تھی۔

ذرائع کے مطابق اس وقت ناران کے ہوٹلوں میں اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور سرکاری افسران سمیت درجنوں افراد مقیم ہیں تاہم ڈپٹی کمشنر دیامر ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ برف باری کے پیش نظر بابو سر کاغان روڈ ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر بارشوں اور برف باری کا سلسلہ مزید تین روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں، پنجاب کے شمالی حصوں، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے ، بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے جس سے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری کمی کا امکان ہے۔

Related Posts