آج دنیا ماحولیاتی مسائل میں گھری ہوئی ہے، گلوبل وارمنگ، اوزون میں کمی اور آلودگی جیسے مسائل کا شکار ہے، دیکھا جائے تو ان مسائل کا حل زیادہ سے زیادہ درخت لگانے میں پنہا ہے، درخت اور پودے ماحولیاتی تزکیہ اور خوبصورتی کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ دین اسلام کے حوالے سے بھی اگر دیکھا جائے تو درخت لگانے کا بہت ثواب اور اجر ہے، درخت لگانا حضور اکرمصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت بھی ہے اور جو اپنی زندگی میں درخت لگاتا ہے اس کے مرنے کے بعد اس کا ثواب اس کو ملتا رہتا ہے۔
حال ہی میں، پی ٹی آئی کی حکومت کم سے کم 20 پودے لگانے والے طالب علم کو 20 اضافی نمبر دے کر طلبا کو درخت لگانے کی ترغیب دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس قانون سازی کا مقصد 10 بلین ٹری سونامی شجر کاری کے منصوبے میں نوجوانوں کو شامل کرنا ہے۔ حکومت کی جانب سے گرین پاکستان کے لئے درخت لگانے کے لئے طلبا کو تحریک دینے کے لئے یہ ایک بہترین اقدام ہے۔
2018 میں اقتدار میں آنے کے فوراً بعد ہی، وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر میں 10ملین درخت لگانے کے مقصد کے ساتھ شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ درختوں کے لگانے کی مہمات کو عالمی سطح پر توجہ اور داد ملی، دوسرے رہنماؤں نے بھی اسی طرح کی مہم چلائی، اور ورلڈ اکنامک فورم نے ون ٹریلین ٹری انیشی ایٹو کا آغاز کیا۔
ماحول کے لئے ان کے واضح فوائد کے علاوہ، درخت لگانے کی مہمات نے ہزاروں لوگوں کے لئے روزگار پیدا کیا ہے۔ اس طرح کے بڑے پیمانے پر درخت لگانے کی مہمات کی اہمیت کے بارے میں کوئی شک نہیں ہے، خاص طور پر چونکہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔
یہ بھی خیال کیا جاتا ہے کہ پاکستان دنیا میں جنگلات کی کٹائی کی سب سے زیادہ شرح رکھتا ہے، اور یہاں تک کہ جب ہم نئے درخت لگاتے ہیں تو پرانے اور دیسی درختوں کو کاٹنے سے بچانے کے لئے بھی کوششیں کرناچاہئیں۔
دوسری جانب، صنعت کاری، بڑھتی آبادی اور ایک طاقتور، سیاسی طور پر مضبوط ٹمبر مافیا درختوں کی دشمن بن چکی ہے، جو ہمارے ملک سے قیمتی جنگلات کو ختم کرنے کے درپے ہے، ہمارے پاس اب بھی ٹمبر مافیا کے خلاف ایک مضبوط قانون سازی کا فقدان ہے، جس کے ذریعے ملک بھر میں درختوں کو کاٹنے سے روکا جاسکتا ہے۔
پاکستان کا ہر شہری درخت لگانے کی مہم میں بھر پور کردار ادا کرسکتا ہے۔ پاکستان کا تجارتی مرکز کراچی موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ یہ کنکریٹ کا شہر بن گیا ہے، اور لوگوں کو ہیٹ ویوز سے بچانے کے لئے کراچی میں درخت لگانے کی اشد ضرورت ہے۔ درخت زمین پر ہمارے وجود میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ ہم نے پچھلا ہدف حاصل کرلیا ہو لیکن ہمارا ماحول اب بھی ناقابل برداشت ہے۔ آج ہم درخت لگانے کی جو منصوبہ بندی کررہے ہیں کل اس کا فائدہ ہمیں ہی ہونا ہے۔