گھوٹکی: محکمہ ایکسائز پولیس اباڑو نے نیشنل ہائی وے پر کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں بھنگ برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز پولیس اباڑو کے ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول انسپکٹر حسن علی دشتی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے نیشنل ہائی وے رینی کنال نزد کمو شہید ضلع گھوٹکی میں ایک مشکوک کنٹینر کی تلاشی کے دوران 1200 کلو گرام بھنگ برآمد کرکے ایک ملزم وارث خان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم بھنگ چارسدہ سے سندھ لارہا تھا جبکہ واردات میں استعمال ہونا ٹرک کنٹینر نمبر ای -2723 بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ ملزم سے تفتیش شروع کردی گئی۔ علاوہ ازیں کامیاب کارروائی پر صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ نے انسپکٹر حسن علی دشتی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ محکمہ ایکسائز سندھ کے افسران صوبے میں منشیات لانے کی ہر کوشش ناکام بنادیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کنٹینر کی ٹکر سے گرنے والی فیکٹری کے ملبے سے لاش برآمد