کراچی: پاکستان ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان کی مقبولیت میں ڈرامہ “چپکے چپکے” میں کردار ادا کرنے کے بعد مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ڈرامہ رمضان المبارک میں نجی ٹی وی چینل سے نشر کیا گیا تھا۔
حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر عائزہ خان نے لائیو سیشن کے دوران ‘چپکے چپکے’ میں ‘مینو’ کے کردار کو پسند کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ وہ جلد ایک ڈرامے میں نئے کردار میں نظر آئیں گی جو یقینی طور پر سب کو پسند آئے گا۔
اداکارہ عائزہ خان کا بتانا تھا کہ نئی ڈرامہ سیریل نجی چینل ” ہم ٹی وی ” سے پیش کیا جائے گا۔ اداکارہ کا بتانا تھا کہ ‘ ڈرامے کی باقاعدہ شوٹنگ کا آغاز اگلے ماہ سے ہوگا جس کے بعد ڈرامہ آن ایئر ہوگا۔’
لاپتا ڈرامے کی دیگر کاسٹ کے حوالے سے لائیو سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے عائزہ خان نے بتایا کہ ‘ ڈرامے میں سارہ خان، علی رحمٰن خان، گوہر رشید، اسما عباس اور دیگر شامل ہیں’۔
عائزہ خان نے بتایا کہ ‘ ڈرامے میں میرا ایک حیرت انگیز کردار ہے اور میرا خیال ہے کہ آپ لوگوں نے اس سے قبل مجھے ایسے کردار میں نہیں دیکھا ہوگا’۔
خیال رہے کہ چند روز قبل عائزہ خان ایک مرتبہ پھر فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی اداکارہ بنی ہیں اور ان کے فالوورز کی تعداد 90 لاکھ ہوگئی ہے۔
عائزہ خان کے فالوورز کی تعداد میں حالیہ اضافہ رمضان المبارک میں نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے خصوصی ڈرامے ‘چپکے چپکے’ کے باعث ہوا۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک میں آن ایئر ہونے والے ڈرامے ‘چپکے چپکے’ میں عائزہ خان نے منیہا عرف مینو نامی چلبلی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا اور عثمان خالد بٹ کے ساتھ ان کی جوڑی کو بھی بہت زیادہ پسند کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گلوکاری کا شوق اپنے بھائی کو دیکھ کر پیدا ہوا، اداکارہ علیزے شاہ انکشاف