ابو ظہبی: یو اے ای میں پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سیزن 6 کے بقیہ میچز کے انعقاد کیلئے سخت شرائط کے باعث چھٹا ایڈیشن غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔
کڑی شرائط میں پی سی بی کیلئے میچز کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشنل وجوہات کے باعث پی ایس ایل کے بقیہ 20 میچز جو ابوظبی میں شیڈول تھے انہیں غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک تو فرنچائزز کو مالی مشکلات کا سامنا تھا، دوسرا مسئلہ کورونا ویکسین کا تھا، پاکستانی کھلاڑیوں کو تو ویکسین لگوا کر جانا تھا لیکن بہت سے ممالک کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کی ویکسین کے مسائل بھی سامنے آگئے۔
پی ایس ایل 6 کے لیے یو اے ای حکومت کی جانب سے کورونا ویکسی نیشن کی چھوٹ نہ مل سکی، یو اے ای کی حکومت نے کورونا ویکسی نیشن کو لازمی قرار دیا ہے۔
دوسری جانب پی ایس ایل پلیئرز کی پاکستان سے شیڈولڈ روانگی پہلے ہی مؤخر کردی گئی ہے، اس حوالے سے انتظامیہ کی جانب سے ٹیموں اور پلیئرز کو ایڈوائزری بھیج دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شیڈول کے مطابق 22 مئی کو روانگی نہیں ہوگی، قومی ٹیم کے کھلاڑی فی الحال قرنطینہ کیلئے ہوٹل چیک ان نہ کریں۔