راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں مبینہ طور پر اربوں کی کرپشن، چیئرمین نیب نے نوٹس لے لیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بد عنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم کی واپسی کے لئے نیب پر عزم ہے، چیئرمین نیب
بد عنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم کی واپسی کے لئے نیب پر عزم ہے، چیئرمین نیب

لاہور: چیئرمین نیب جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال نے راولپنڈی کے رنگ روڈ منصوبے میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی کرپشن، غیر قانونی لینڈ ایکوزیشن اور بے ضابطگیوں کا نوٹس لے لیا ہے۔

نیب کے جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے رنگ روڈ راولپنڈی منصوبہ میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی بد عنوانی،بے ضابطگیوں اور غیر قانونی لینڈ ایکوزیشن کا نوٹس لے لیا ہے۔

نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب نے نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ منصوبے کی تحقیقات بلاامتیاز، میرٹ اور شفاف انداز میں قانون کے مطابق کی جائیں، مذکورہ منصوبے کے تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کیا جائے تاکہ ان کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے لایا جاسکے۔

چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے۔ نیب احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے پاس بد عنوان عناصر کے خلاف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ، فیک بینک اکاؤنٹس، آمد ن سے زائد اثاثے، اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے ذریعے قوم کے اربوں روپے لوٹنے والوں کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب نے گزشتہ تین سال میں بد عنوان عناصر سے 490 ارب روپے جبکہ اپنے قیام سے اب تک 790 ارب روپے بلاواسطہ اور بالواسطہ برآمد کیے جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ نیب کے ادارے کا تعلق کسی سیاسی پارٹی، گروپ اور فرد سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔ نیب ملک اور قوم کی دولت لوٹنے والے بد عنوان عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پُرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان اور شہبازشریف میں رابطہ، رواں ماہ کے آخر میں پی ڈی ایم کا اجلاس بلانے پر اتفاق

Related Posts