مکہ:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی بنیاد پر نسل پرستانہ نظریات یا مذہبی شخصیات کی توہین کی اجازت نہیں۔
عالمی برادری کو عدم برداشت اور مذہب کی بنیاد پر تشدد پر اکسانے کے خلاف مشترکہ عزم ظاہر کرنا چاہئے اور پرامن بقائے باہمی کیلئے مل کر کام کرنے کا بھی عزم کرنا چاہئے، مسلم ورلڈ لیگ مغربی معاشرے کی تمام اکائیوں سے رابطہ کرے۔
دورہ سعودی عرب کے موقع پر ہفتہ کو مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مسلم ورلڈ لیگ کی دنیا کے مختلف حصوں میں انسانیت کیلئے کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے زور دیا کہ تنظیم اس کے ساتھ ساتھ اسلام کا اصل چہرہ پیش کرے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے کردار ادا کرے۔وزیراعظم عمران خان نے اسلامو فوبیا کے سدباب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ مسلم امہ اس مسئلہ کو یکساں کاز کے طور پر لے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ آزادی اظہار رائے عالمی قوانین کے تحت ذمہ داریوں کا تقاضا کرتی ہے۔ اس کے بل بوتے پر کسی مذہبی مقامات یا شخصیات کی تضحیک یا توہین نہ کی جائے۔ نسل پرستانہ نظریات کو پروان نہ چڑھایا جائے۔
وزیراعظم نے اسلامو فوبیا کے حوالے سے افہام و تفہیم کے حوالے سے فرق کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم عمران خان نے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ مغربی معاشرے کے تمام طبقات خصوصا اکیڈمیا، سول سوسائٹی کی تنظیموں، دانشوروں اور سیاستدانوں کو وابستہ کرنے کیلئے کام کریں۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ عالمی برادری کو عدم برداشت اور مذہب کی بنیاد پر تشدد پر اکسانے کے خلاف مشترکہ عزم ظاہر کرنا چاہئے اور پرامن بقائے باہمی کیلئے مل کر کام کرنے کا بھی عزم کرنا چاہئے۔
وزیراعظم عمران خان نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فورسز کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برداری اس سنجیدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔
وزیراعظم عمران خان نے فلسطین کے عوام کے ساتھ یکجہتی اور تعاون کے پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے جائز حق کو تحفظ ملنا چاہئے، سیکرٹری جنرل نے مسلم امہ کو جوڑنے کیلئے وزیراعظم کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم دنیا میں ایک اہم حیثیت کے حامل ہیں۔
انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی تعلقات کی اہمیت کی ضرورت پر بھی زور دیا اور سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب کے کامیاب دورے پر ان کو مبارکباد دی۔