پاکستان میں کھیلیں ورنہ بیرون ملک کھیلنے کے اخراجات اٹھائیں، سری لنکا کو پاکستان کا پیغام

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان میں کھیلیں ورنہ بیرون ملک کھیلنے کے اخراجات اٹھائیں، سری لنکا کو پاکستان کا پیغام

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ سری لنکا کے صدر شامی سلوا کے بیان کے بعد اپنے تحفظات اور جذبا ت سے کولمبو میں کرکٹ سری لنکا کو آگاہ کردیا ہے
شامی سلوا نے کولمبو میں ایک انٹرویو میں پاکستان کے انتظامات پر نامناسب تبصرہ کیا تھا اور کہا تھا کہ کھلاڑی ہوٹل میں رہ کر 3 دن میں بے زار ہوکر اکتاہٹ کا شکار ہوگئے تھے۔
شامی سلوا نے کہا کہ میں بھی کراچی میں دو دن بعد ہوٹل میں اکتا گیا تھا، دسمبر میں پاکستان میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچ ہیں اس لئے ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کھلاڑیوں کی مشاورت سے کریں گے۔
سری لنکا کو دسمبر میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ پاکستان میں کھیلنا ہیں، پی سی بی نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان اپنی ہوم سیریز بیرون ملک نہیں کھیلے گا،اگر سری لنکا پاکستان میں نہیں کھیلنا چاہتا تو وہ بیرون ملک ہونیوالی سیریز کے اخراجات برداشت کرے۔
پاکستان نے سری لنکا کیخلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کی کامیاب میزبانی کی اور مہمان ٹیم کی 15دن کامیاب میزبانی کی۔ملکی سکیورٹی اداروں نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے ۔
پی سی بی کے ذرائع کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی درخواست پر پہلی بار سکیورٹی فوج کے حوالے کی گئی ۔ وطن واپسی پر سری لنکا کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے وطن جاتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا تھا اس لیے اب شامی سلوا کا بیان غیر ذمے دارانہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں سری لنکا ٹیم کو شاپنگ کرانے اورگالف کھیلنے کی دعوت دی گئی ۔ سندھ اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ نے مہمان ٹیم کیلئے کھانے کی دعوت کا انتظام کیا ہوا تھا لیکن سری لنکا ٹیم کے حکام نے پی سی بی کی تمام پیشکشوں کو مسترد کرتے ہوئے ہوٹل میں رہنے پر ترجیح دی۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں آئی سی سی میچ ریفری ڈیوڈ بون اور امپائر گالف کھیلنے گالف کورس گئے۔سری لنکا سے آئے ہوئے8صحافیوں کو فوڈ سٹریٹ لے جایا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ، ٹیم کو بھی ہوٹل سے باہر لیجانا چاہتا تھا لیکن ٹیم انتظامیہ نے ہوٹل میں رہنے کو ترجیح دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان میں اب حالات بہت بہتر ہیں ہم نے سیریز کراکر یہ ثابت بھی کیا۔
اب شامی سلوا کا بیان سمجھ سے بالاتر ہے۔ پی سی بی نے کولمبو فون کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے ہوم سیریز باہر نہیں کھیلیں گے۔

Related Posts