راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا ہے جس کے دوران کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جس کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گرد کو شناخت کر لیا گیا ہے۔
ہلاک دہشت گرد کی شناخت اشرف اللہ عرف طوفانی کے نام سے ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں کیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق بویا کے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا دہشت گرد اشرف طوفانی ہلاک ہوگیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک کیا گیا دہشت گرد بھتہ خوری اور بم دھماکوں سمیت دیگر دہشت گردی کی کارروائیوں میں مطلوب تھا۔پاک فوج شمالی وزیرستان سمیت مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں رینجرز پر حملے کا کیس، دہشت گرد کے زخمی ہونے کا انکشاف