پاکستان سمیت دُنیا بھر میں ہندو برادری ہولی کا مذہبی تہوار آج منا رہی ہے جس کے دوران لاکھوں کی تعداد میں عوام مختلف مقامات پر اکٹھے ہو کر رنگا رنگ رسومات کا لطف اٹھائیں گے۔
اسلامی جمہوریہ پاکستان سمیت ہر جمہوری ملک میں اقلیتوں کو مذہبی تہوار منانے کا مکمل حق حاصل ہے۔ شہرِ قائد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہولی کی مختلف تقاریب منعقد ہوں گی۔
ہولی کے مذہبی و ثقافتی تہوار کے دوران سب سے اہم رسم ایک دوسرے پر مختلف رنگوں کی برسات کرنا ہوتا ہے۔ لوگ ایک دوسرے کے چہرے اور جسم پر رنگ لگا کر مذہبی و ثقافتی تہوار کا لطف اٹھاتے ہیں۔
زیادہ تر ہولی کے موقعے پر مٹھائیاں بانٹنا، رقص کرنا اور بھنگڑے ڈالنا اہم سمجھا جاتا ہے۔ لاہور اور کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف مندروں میں ہولی کے تہوار کا آغاز پوجا سے کیا جاتا ہے۔
ہندو مذہب کے ماننے والوں کے نزدیک ہولی ایک مقدس تہوار ہے جو دنیا بھر کے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو امن کا پیغام دیتا ہے۔ ہولی کے موقعے ایک دوسرے کے علاوہ فضاؤں اور زمین پر بھی مختلف رنگ بکھیرے جاتے ہیں۔
آج ہولی کے موقعے پر ہندو برادری کیلئے تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہندو برادری کے مذہبی و ثقافتی تہوار میں سیاسی و سماجی رہنما بھی بڑی تعداد میں شریک ہوں گے اور عوام کو ہولی کی مبارکباد دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مریدکے، تیزرفتاری کے باعث بس کا ٹریلر سے تصادم، 5 مسافر جاں بحق ہو گئے