پی ایس ایل 6 پر کورونا وائرس کا حملہ، میچز ملتوی، صورتحال کا ذمہ دار کون؟

مقبول خبریں

کالمز

Ceasefire or a Smokescreen? The US-Iran Next Dialogue of Disillusions
جنگ بندی یا دھوکہ؟ امریکا اور ایران کے درمیان فریب پر مبنی اگلا مکالمہ
Israel-Iran War and Supply Chain of World Economy
اسرائیل ایران جنگ اور عالمی معیشت کی سپلائی چین
zia-2-1-3
بارہ روزہ جنگ: ایران اور اسرائیل کے نقصانات کا جائزہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پی ایس ایل 6 پر کورونا وائرس کا حملہ، میچز ملتوی، صورتحال کا ذمہ دار کون؟
پی ایس ایل 6 پر کورونا وائرس کا حملہ، میچز ملتوی، صورتحال کا ذمہ دار کون؟

گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے مابین پی ایس ایل 6 کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ بے حد دلچسپ رہا جسے شائقین کی اکثریت نے بہت پسند کیا اور کھلاڑیوں کو داد سے نوازا، لیکن یہ بات کسی کو معلوم نہیں تھی کہ یہ پی ایس ایل 6 کا آخری میچ ثابت ہوگا۔

تعلیم اور کاروبار کی طرح کھیل کے شعبے پر بھی کورونا وائرس نے حملہ کردیا ہے اور شائقینِ کرکٹ کو پاکستان سپر لیگ کے میچز کا لطف اٹھانے سے روک دیا ہے۔ آئیے پی ایس ایل 6 کے حوالے سے مختلف خبروں کا جائزہ لیتے ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ اِس تمام تر صورتحال کا ذمہ دار کون ہے؟

آخری میچ کا احوال

کل 3مارچ کی شب پی ایس ایل کا 14واں میچ ہوا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 177 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ملتان سلطانز کے تمام کھلاڑی 154 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

یہ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز اسکور کیے تھے۔شروع سے لے کر آخری گیند تک کرکٹ کے شائقین نے پی ایس ایل کا یہ میچ بڑی دلچسپی سے دیکھا۔ آج لاہور اور اسلام آباد کا میچ ہونا تھا جسے ملتوی کردیا گیا ہے۔

کرکٹ پر کورونا کا حملہ اور پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج پی ایس ایل 6 کو ملتوی کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔ پی سی بی اور پی ایس ایل ٹیمز کے مالکان کے مابین ایک ورچؤل میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل میچز فوری طور پر ملتوی کیے جائیں۔

کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث پی ایس ایل کو فوری طور پر ملتوی کردیا جبکہ یہ فیصلہ غیر معینہ مدت تک کیلئے کیا گیا یعنی ملتوی کیے گئے میچز کے دوبارہ انعقاد کا امکان کب تک ہوگا، فی الحال یہ کسی کو معلوم نہیں۔

قبل ازیں پی ایس ایل میچز کے دوران 7 کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔ کراچی کنگز کے کھلاڑی ڈین کرسٹین نے پی ایس ایل چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا اور پی سی بی نے بھی ان کے فیصلے کی تصدیق کی۔ مجموعی طور پر اسلام آباد کے 4، لاہور کا 1 اور کوئٹہ کا 1 کھلاڑی اور 1 آفیشل کورونا میں مبتلا ہوا۔ 

ملک بھر میں کورونا کی صورتحال 

کورونا وائرس نے پاکستان کے 5 لاکھ 85 ہزار 435 افراد کو متاثر کیا جن میں سے 13 ہزار 76جاں بحق ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 64 افراد جاں بحق ہوئے اور 1 ہزار 519 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

وائرس میں مبتلا 5 لاکھ 55 ہزار 242 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ 987 مزید شہریوں نے 1 روز کے دوران کورونا کو شکست دی جس کے نتیجے میں فعال کیسز 17 ہزار 117 رہ گئے۔ مجموعی طور پر کورونا وائرس کی صورتحال گزشتہ دنوں کے مقابلے میں تسلی بخش ہے اور این سی او سی بھی پابندیوں میں نرمی پر غور میں مصروف ہے۔ 

کھیلے گئے میچز اور پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال 

کراچی کنگز اور پشاور زلمی نے 5، 5 میچز کھیل کر 3، 3 میں فتح حاصل کی اور 6، 6 پوائنٹس حاصل کیے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز نے 4، 4 میچز میں سے 3، 3 جیتے اور 6، 6 پوائنٹس حاصل کیے۔

ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5، 5 میچز میں سے صرف 1، 1 جیت کر 2، 2 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر کراچی پہلے، پشاور دوسرے، اسلام آباد تیسرے، لاہور چوتھے، ملتان پانچویں جبکہ کوئٹہ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ 

رواں برس 20 فروری کے روز پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کا آغاز ہوا۔ اب تک 14 میچز کھیلے گئے جبکہ 20 میچز کھیلے جانے تھے جو اب ملتوی کردئیے گئے ہیں۔ 

وباء کی روک تھام اور ایس او پیز کی خلاف ورزیاں

سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 6 میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ہوئیں جن کی وجہ سے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے۔سب سے پہلے یہ ذکر ضروری ہے کہ ایس او پیز کیا ہیں۔

اگر آپ کورونا وائرس کو روکنا چاہتے ہیں تو سماجی فاصلے کا اہتمام ضروری ہے، ماسک پہننا ضروری ہے اور بار بار ہاتھوں کو سینیٹائز کرنا یا صابن سے دھونا ضروری ہے، تاہم پی ایس ایل کے دوران ایس او پیز کے اہتمام کا فقدان نظر آیا۔ 

بعض اہم بیانات

لاہور قلندرز کے سی ای او رانا عاطف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بائیو سیکیور ببل نافذ کرنے میں ناکامی ہوئی۔ ہم نے پہلے ہی کرکٹ بورڈ کو سمجھایا تھا کہ کورونا وائرس کے دوران پی ایس ایل میچز منعقد نہ کیے جائیں۔

رانا عاطف نے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے ہماری ایک نہیں سنی اور دیگر فرنچائز مالکان کے مشورے سے پاکستان سپر لیگ 6 کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ ایک فرنچائز کے مالک کو کھلاڑیوں کو گلے سے لگانے پر بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ معافی دے دی گئی۔سیکیور ببل کو ہوٹل میں نافذ کرنا تھا، کاغذوں میں نہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ جن کھلاڑیوں یا آفیشلز نے کورونا کی روک تھام کیلئے رہنما ہدایات (ایس او پیز) کی خلاف ورزی کی، ان پر جرمانے عائد ہونے چاہئیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ملتان سلطانز کے کھلاڑی شاہد آفریدی کے بیان کے مطابق کورونا سے متاثرہ کھلاڑیوں کو وارم اَپ میچز کھلائے گئے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ غیر ضروری وارم اَپ میچز کھلانے کے باعث کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ہوئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بقیہ میچز سے قبل حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ حسن علی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کو کسی کی نظر لگ گئی۔ 

الیکٹرانک میڈیا کے دعوے 

میڈیا ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پی ایس ایل میچز پی ایس ایل انتظامیہ کی لاپرواہی کے باعث ملتوی ہوئے۔ کھلاڑیوں اور اسٹاف کو کورونا سے حفاظت فراہم کرنے کیلئے مناسب اقدامات کا فقدان پایا گیا۔ جس ہوٹل میں پی ایس ایل کھلاڑی اور عملہ ٹھہرا تھا، وہاں شادی کی تقریبات جاری رہیں۔

ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ کھلاڑی عوام کے ساتھ گھل مل کر ہوٹل کی لفٹ میں آتے جاتے دیکھے گئے۔ پی ایس ایل انتظامیہ کھلاڑیوں سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے میں ناکام نظر آئی۔ مجموعی طور پر کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل پر ہی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔ 

آئندہ کا لائحۂ عمل

غور کیا جائے تو پی ایس ایل 6 کیلئے افتتاحی تقریب ترکی کے دارالحکومت استنبول میں منعقد ہوئی تھی اور پی ایس ایل کے ترانوں پر بھی اچھی خاصی رقوم خرچ ہوئیں تاہم کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔

یہاں تک کہ جب بعض کھلاڑیوں اور اسٹاف کے اجسام میں کورونا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی، تب بھی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی نہیں بنایا گیا، نہ ہی کوئی ہنگامی اقدامات عمل میں لائے گئے۔ اربوں روپے کی سرمایہ کاری پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ 

پی سی بی تمام ٹیموں کی پی سی آر ٹیسٹنگ کیلئے اقدامات اٹھائے گا اور پی ایس ایل میں شامل تمام ٹیموں کو آئسولیشن کی سہولیات مہیا کرے گا، کورونا ویکسینیشن کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

Related Posts