پی ایس ایل 6 کی تیاریاں مکمل، کراچی کنگز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کل مدمقابل

مقبول خبریں

کالمز

Ceasefire or a Smokescreen? The US-Iran Next Dialogue of Disillusions
جنگ بندی یا دھوکہ؟ امریکا اور ایران کے درمیان فریب پر مبنی اگلا مکالمہ
Israel-Iran War and Supply Chain of World Economy
اسرائیل ایران جنگ اور عالمی معیشت کی سپلائی چین
zia-2-1-3
بارہ روزہ جنگ: ایران اور اسرائیل کے نقصانات کا جائزہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

PSL 6

کراچی :کورونا کی عالمی وباء کے باوجود ڈومیسٹک سیزن میں 235 میچز کے کامیاب انعقاد کے بعد اب ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں اور کل ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں رات 8 بجے مدمقابل آئیں گی۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ اس ایڈیشن میں فینز کو محفوظ اور پرجوش کرکٹ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے،جہاں 6ٹیمیں ایونٹ کی چمچماتی ٹرافی اور 80 ملین روپے کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ایونٹ میں کُل 112 ملین روپے کی رقم تقسیم کی جائے گی۔

اسٹیڈیم کی حدود میں کوروناکے پروٹوکولز پر عمل درآمد ہر صورت ممکن بنایا جا ئے گا۔اپنے پسندیدہ کرکٹرز کے کھیل کو دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ محدود تعداد میں اسٹینڈز میں موجود ہونگے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کا پانچواں ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں کھیلے جانے کے بعد اب کرکٹ کے پرستاروں کے لیے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن بھی پاکستان میں کھیلا جا رہا ہے۔لیگ کےابتدائی چارایڈیشنز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے ، جس کی وجہ سے شائقین کرکٹ بھی مایوس تھے۔

گزشتہ دو برسوں میں پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے مکمل ایڈیشن کے پاکستان میں انعقاد کو ممکن بنانے کا اصل سہرا ہماری سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے سر سجتا ہے، اس کامیابی میں وفاقی حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتھک محنت اور سنجیدہ کوششیں بھی شامل ہیں۔

غیرملکی کھلاڑی اب پاکستان میں کھیل کر خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں ، جس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہو چکی ہیں۔

چھٹے ایڈیشن میں شائقین کرکٹ کی گراؤنڈز میں واپسی ایک بڑا قدم ہے،گذشتہ ایڈیشن میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے پلے آف مرحلے کے میچزخالی گراؤنڈز میں کھیلے گئے تھے۔

پلے آف مرحلے کےتین میچزاور ایونٹ کے فائنل میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کےمابین دلچسپ مقابلہ بھی شائقین کرکٹ کے بغیر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا تھا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا پہلا مرحلہ 20 فروری سے 7 مارچ تک کراچی میں کھیلا جائے گا، پھر 2 روز کے آرام کے بعد فائنل سمیت بقیہ 14 میچز لاہورمیں کھیلے جائیں گے۔

بیس فیصد تماشائیوں کو گراؤنڈ میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی۔ حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں 7500 جبکہ لاہور میں 5500 تماشائی اسٹینڈز میں بیٹھ کرمیچز دیکھیں گے۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر وسیم خان کاکہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز ہونے جارہا ہےاور ہمارے لیے سب سے فخر کی بات یہ ہے کہ بیس فروری سے شروع ہونے والا ایڈیشن گزشتہ تمام ایڈیشنز سے زیادہ شاندار اور محفوظ ہوگا۔

انھوں نےمزید کہا کہ بیس فیصد شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے پر ہم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے شکرگزار ہیں،اسٹینڈز میں مداحوں کی موجودگی نہ صرف اسٹیڈیم میں ماحول کو پرجوش بناتی ہے بلکہ یہ میدان میں موجود کھلاڑیوں کے حوصلے بھی بلند کرتی ہے۔

مزید پڑھیں:پی ایس ایل6،ماہرہ خان پشاور زلمی کی سفیر مقرر، ایسراء بلجیک کی شمولیت کا امکان

یہ پی سی بی کے لیے ایک شاندار لمحہ ہے، یہاں تک پہنچنے سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کوویڈ 19 کے سخت پروٹوکولز پر عملدرآمد کرتے ہوئے انتہائی کامیابی سے مختلف کیٹگریز میں مرد اور خواتین کے ڈومیسٹک اور بین الاقوامی میچز کا انعقاد کرچکا ہے۔

وسیم خان نے بتایا کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہیں کہ جہاں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود اب تک 235 میچز کا کامیاب انعقاد کیا جاچکا ہے،ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ کا سیزن 21-2020 بھی کامیابی سے مکمل ہوجائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیزن 21-2020 میں ہماری کارکردگی سے ہماری ذمہ داریوں اور وعدوں کی تکمیل کا اظہار ہوتا ہے، جب 22 مارچ کولیگ کے فائنل میں میچ کی فیصلہ کن گیند پھینکی جائے گی تو اس وقت پاکستان نے 16 مختلف ایونٹس کے 275 میچز کاانعقاد کرچکا ہوگا۔

Related Posts