کوالالمپور: ملائشیا میں پھنسے ہوئے پی آئی اے طیارے کے مسافر سخت سردی میں فرش پر لیٹنے کیلئے مجبور ہو گئے ہیں کیونکہ قومی ائیر لائن انتظامیہ نے انہیں ہوٹل میں ٹھہرانے کا تاحال کوئی انتظام نہیں کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوالالمپور ائیرپورٹ پر پھنسے ہوئے مسافر تاحال اسلام آباد کیلئے روانہ نہیں ہوسکے ہیں۔ ائیرپورٹ پر پی آئی اے کے مسافروں کو 12 گھنٹے گزر چکے ہیں جہاں طیارے اور مسافروں کی تصاویر سامنے آگئیں۔
مسافروں کو پی آئی اے نے سخت سردی میں ہوٹل میں ٹھہرانے کا کوئی انتظام نہیں کیا تاہم مسافر آرام کیلئے ٹھنڈے موسم میں فرش پر لیٹے ہوئے ہیں۔ ملائشیاء میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام بھی مسافروں کی مدد کیلئے نہیں پہنچ سکے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل ملائشیاء میں قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کے روکے گئے طیارے بوئنگ 777 کے عملے کو وطن واپسی کی اجازت مل گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی آئی اے کے روکے گئے طیارے بوئنگ 777 کے فضائی عملے کو وطن واپس آنے کی اجازت آج مل گئی جس میں 2 پائلٹس، 2 فرسٹ آفیسرز اور 14 فضائی میزبان شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: ملائشیاء میں پی آئی اے طیارے کے عملے کو وطن واپسی کی اجازت