اسلام آباد: ملک بھر کے مختلف علاقوں میں کہر اور دھند نے ڈیرے ڈال دئیے ہیں جبکہ حدِ نگاہ 10 سے 100 میٹر رہ گئی ہے، آمدورفت کی مشکلات اور حادثوں کے خدشات بڑھ گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں میں دھند چھائی ہوئی ہے، لاہور ملتان موٹر وے پر شدید دھند ہے، کسول، میاں چنوں، لودھراں، خانیوال اور بہاولپور کے علاقے خاص طور پر دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ 10 میٹر سے 100 میٹر تک رہ گئی، اوکاڑہ، پتوکی، ہڑپہ، ساہیوال اور چیچہ وطنی میں بھی دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت اور ٹرانسپورٹیشن کے مسائل کا سامنا ہے۔
حدِ نگاہ میں شدید کمی کے باعث سڑکوں پر آمدورفت کے دوران حادثات کے خدشے بڑھ گئے، موٹر وے پولیس نے صوبہ پنجاب اور ملک بھر کے مختلف دھند سے بھرپور علاقوں میں شہریوں کو بلا ضرورت سفر سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان بھر کے مختلف علاقوں میں سردی میں اضافے کے ساتھ ساتھ موٹر ویز اور ہائی ویز پر شدید دھند چھا گئی جس سے حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہوئی اور بعض مقامات پر موٹر وے بھی بند کرنا پڑی۔
شدید دھند سے حدِ نگاہ 2 روز قبل بھی بری طرح متاثر رہی جبکہ حادثات کی روک تھام کے پیشِ نظر موٹر وے ایم 3 لاہور سے ملتان اور موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک آمدورفت کیلئے بند کردی گئی۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں سڑکوں پر شدید دھند، حدِ نگاہ متاثر، موٹر وے بند