کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا،جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس42ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے362.11پوائنٹس کے اضافے سے42027.38پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔
60.04فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 53ارب17کروڑ12لاکھ روپے بڑھ گئی تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم منگل کی نسبت 2.60فیصدکم رہا۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کار منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی دیکھنے میں آئی جس کے باعث تیزی کا رجحان رہا اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس42ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔
تیزی کا رجحان آخر تک برقرار رہااور کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس362.11پوائنٹس کے اضافے سے42027.38پوائنٹس پر بند ہوا جب کہ کے ایس ای30انڈیکس134.83 پوائنٹس کے اضافے سے 17668.32پوائنٹس پر اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس203.03 پوائنٹس کے اضافے سے29407.77 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر 403کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے403کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،242میں کمی اور 36کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔تیزی کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 76کھرب48ارب35کروڑ6لاکھ روپے سے بڑھ کر77کھرب1ارب52کروڑ18لاکھ روپے ہوگئی۔