آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں عبادت گاہ کے قریب فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک جبکہ 15 زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ویانا پولیس نے دہشت گردی سے متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا، سیکیورٹی فورسز نے بھی دہشت گردوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 1 حملہ آور ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے ریسٹورنٹ میں موجود کئی افراد کو یرغمال بنا لیا، ویانا پولیس شہریوں کو اپنے اپنے گھروں میں رہنے کی ہدایت دے رہی ہے جبکہ وزیرِ داخلہ آسٹریا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردی کا ہے۔
وزیرِ داخلہ آسٹریا کے مطابق ویانا پر ہونے والے حملے میں متعدد دہشت گرد ملوث ہیں، برطانوی وزیرِ اعظم نے ویانا حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف آسٹریا کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے بھی کہا کہ ہم آسٹریا کے عوام کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ ایمانویل میکرون نے کہا کہ یہ ہمارا یورپ ہے اور دشمنوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ وہ کس کا سامنا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کابل یونیورسٹی میں دہشتگردوں کا حملہ،20طلباء جاں بحق، متعدد زخمی