کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر میں 3اور 4 اکتوبر کو ایک بار پھر بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 2اکتوبر کو مغرب سے پاکستان میں داخل ہونے والا بارش اور ہواؤں کا سلسلہ شہر میں ہلکی بارش کا سبب بن سکتا ہے، ایران اور مغربی بلوچستان کی جانب سے بادل کراچی کا رخ کریں گے۔
چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیر اثر شہر میں مطلع ابر آلود اور تیز ہوائیں چلیں گی جب کہ بلوچستان کے 80 فیصد علاقوں میں یہ سسٹم اچھی بارشیں برسائے گا جس کے سبب کراچی میں پھوار اور ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔
چیف میٹرو لوجسٹ کے مطابق ہواؤں اور بارش کے اس نئے سلسلے کا مون سون سے کوئی تعلق نہیں، مون سون کی بارشیں اختتام کو پہنچ چکی ہیں، مغربی سسٹم کے اثرات کی وجہ سے اکتوبر کا پہلا ہفتے قدرے بہتر رہنے کا امکان ہے۔ سردارسرفراز کے مطابق شہر میں گذشتہ دنوں بارشوں کا سبب بننے والا ہوا کا کم دباؤگجرات پر ابھی تک موجود ہے جس کے اثرات کے نتیجے میں سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں پھر معمولی متاثر ہوئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 3 سے 6 اکتوبر کے دوران کراچی کا درجہ حرارت 32 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا جب کہ 30سالہ موسمیاتی ریکارڈ کے مطابق اکتوبر کا اوسط درجہ حرارت 35.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی، پنجاب اورخیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم بدل دیا ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری نے موسم سرما کی نوید سنا دی۔