نیو یارک: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ بدعنوان لٹیروں نے حکمران بن کر ملک کا پیسہ لوٹا اور جائیدادیں بنائیں۔ لوٹی ہوئی دولت سے بنے ہوئے مکانات دُنیا کے بڑے شہروں میں ہیں، امیر ملکوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ٹیکس چوروں کو پناہ نہ دیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے نیو یارک میں معیشت سے متعلق منعقد کی گئی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو طاقتور اشرافیہ نے لوٹ لیا اور مجھ سے پہلے زیادہ تر حکمرانوں نے بے پناہ کرپشن کی۔
عمران خان نے کہا کہ جب ہماری سیاسی جماعت اقتدار میں آئی تو ملک بے شمار مسائل میں گھرا ہوا تھا۔ یہ تمام مسائل سابق حکمرانوں کی کرپشن سے پیدا ہوئے۔ اگر حکمران کرپشن نہ کرتے تو اتنے مسائل پیدا نہیں ہوسکتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بھارتی ہم منصب کی تقریر کے دوران سارک اجلاس سے واک آؤٹ
ملک میں پیسہ واپس لانے کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم سب کچھ جانتے ہیں کہ کس نے کتنا پیسہ کھایا، تاہم ملکی نظام اتنا خراب ہے کہ لوٹی ہوئی دولت واپس لانے میں اب تک کامیاب نہیں ہوسکے۔ ملک کو دس سال تک لوٹ لوٹ کر کھانے والوں نے عوام کا سارا پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے ملک سے باہر منتقل کردیا۔ اس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوا۔
وزیر اعظم عمران خان نے مطالبہ کیا کہ ترقی یافتہ ممالک کو چاہئے کہ ٹیکس چور حکمرانوں اور سیاستدانوں کو سیاسی پناہ دے کر ان کا تحفظ بند کردیں۔ دنیا کے بڑے بڑے شہروں میں بدعنوان حکمرانوں نے جائیدادیں بنا رکھی ہیں۔ یہ سارا پیسہ کرپشن سے آیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی برادری کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ منی لانڈرنگ کی روک تھام سے حاصل ہونے والی رقوم ملک کی تعمیر و ترقی اور دیگر منصوبوں کے لیے استعمال ہوسکے گی۔ حیرت انگیز طور پر امیر ملکوں کی طرف سے آف شور کمپنیاں بنانے کی کھلی اجازت ہے۔ اس سے کرپشن کی راہ ہموار ہوتی ہے جبکہ پاکستان منی لانڈرنگ کے خلاف سینہ سپر ہے۔ ہم لوٹی ہوئی دولت ملک میں واپس لانا چاہتے ہیں تاکہ عوام پسماندگی سے نکلیں اور ترقی کریں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے مائیکروسافٹ کے مالک اور بانی بل گیٹس نے ملاقات کی اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے حکومت پاکستان کے احساس پروگرام کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی امداد پر اتفاق کیا۔
مائیکروسافٹ کے بانی و مالک بل گیٹس گزشتہ روز وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کے لیے وزیر اعظم کے پاس پہنچے ور 30 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان سے مائیکروسافٹ کے مالک بل گیٹس کی ملاقات، 20 کروڑ ڈالر کی امداد پر اتفاق