اسلام آباد : کابینہ اراکین نے وزیر اعظم عمران خان کی اجلا س میں آمد پر ڈیسک بجا کر استقبال اور اندرونی و بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔
منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جب وزیراعظم اجلا س میں پہنچے تو کابینہ ارکان نے ڈیسک بجا کر استقبال کیا اور وزیراعظم کو حکومت کے 2سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی ، اندرونی و بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
کابینہ اجلاس میں حکومت کی نمایاں کامیابیوں کا ذکر کیا گیا ،معاشی اور سفارتی کامیابیوں پر کابینہ میں تفصیلی بات چیت کی گئی ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سفارتی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔بھارت سمیت خطے میں جاری اہم معاملات پر روشنی ڈالی۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے ملکی ترقی کیلئے حکومتی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا اور کہاکہ وزیراعظم کی کامیاب حکمت عملی سے کورونا پر قابو پایا، وزیراعظم کریز پر کھڑے ہو چکے ہیں، اب لمبی اننگ کھیلیں گے۔
مراد سعید نے کہاکہ وزیراعظم کی قیادت میں معیشت کو نئی ڈائریکشن مل گئی، وزیراعظم عمران خان عالم اسلام کے نئے لیڈر ہیں، فیصل واؤڈا نے وزیراعظم کو بھاشا ڈیم کی تعمیر شروع ہونے پرپر مبارکباد دی ،شیخ رشید نے ایم ایل ون منصوبہ عمران خان کی بڑی کامیابی قرار دیا۔
ثانیہ نشتر نے کہاکہ ملکی تاریخ میں غربت میں کمی کا سب سے بڑا پروگرام شروع ہوا،احساس پروگرا م شروع کرنے پر وزیراعظم مبارکباد کے مستحق ہیں،امین الحق نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔
پارلیمنٹ کے اندر اور باہر آپ کی کوششوں کو یاد رکھا جائیگا۔فہمیدہ مرزا نے غذائی قلت کا شکار بچوں کیلئے پروگراپ پر خراج تحسین پیش کیا۔
زبیدہ جلال نے سی پیک منصوبوں کی تکمیل پرمبارکباد دی،اتحادی جماعتوں کے اراکین نے بھی وزیراعظم کو اہم کامیابیوں پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم عمران خان نے حکومت کے 2سال مکمل ہونے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ 24 سالہ جدوجہدابھی ختم نہیں ہوئی، معاشرے کے کمزور طبقہ کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے، ہماری جدو جہد کا محور ہر کمزور پاکستانی ہے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ کمزور طبقے کیلئے سوچنا اصل ایمان ہے، مدینے کی فلاحی ریاست کے تصور کو عملی شکل دینا چاہتا ہوں، تعلیمی نصاب میں مدینے کی فلاحی ریاست کا تصور شامل کریں گے۔
شفقت محمود سے کہا ہے کہ نصاب میں ریاست مدینہ کا تصور شامل کریں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ابتدائی طور پر 8ویں اور9ویں ّ جماعت کیلئے نصاب تیار کیا جائیگا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی حکومت دو سالوں میں مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام