اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں جبکہ ان کی غیر موجودگی میں جسٹس گلزار احمد قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حلف برداری کی تقریب میں جسٹس گلزار احمد نے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا کر قائم مقام چیف جسٹس کا عہدہ سنبھال لیا جبکہ سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس مشیر عالم نے ان سے حلف لیا۔تقریب میں سینئر وکلاء، ایڈیشنل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکی وزیراعظم آزادکشمیر سےملاقات
جسٹس گلزار احمد رواں سال 20 دسمبر کو جسٹس آصف سعید کھوسہ کے ریٹائر ہوجانے کے بعد باضابطہ طور پر چیف جسٹس آف پاکستان بنیں گے اور یکم فروری 2022ء تک اپنے فرائض انجام دیں گے۔
یاد رہے کہ قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمدگزشتہ روز کہہ چکے ہیں کہ ملازمین کی بھرتیوں کا طریقہ کار ہماری سمجھ سے بالاتر ہے، سیاسی بھرتیوں سے مسائل پیدا ہوتے ہیں، پورے ملک کا نظام ایڈہاک ازم پر چل رہا ہے۔
سپریم کورٹ میں شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال کے صفائی کے عملے کو مستقل کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔اس موقع جسٹس گلزار احمد نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی بھرتیوں کا طریقہ کار ہماری سمجھ سے بالاتر ہے، جہاں 500ملازمین کی ضرورت ہو وہاں دو بھی نہیں ہوتے، جہاں 10آدمیوں کی ضرورت ہووہاں 500 بھرتی کر لیے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سیاسی بھرتیوں کی وجہ سے ملک میں مسائل پیداہوتے ہیں،جسٹس گلزاراحمد