لاہور: شوبز شخصیات نے بھارتی حکومت کے پانچ اگست کے اقدام کی مذمت اور کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے ہر موقع پر ثابت کیا ہے کہ ہمارے دل اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
سینئر اداکار قوی خان، مسعود اختر، جاوید شیخ،شبیر جان، نعمان اعجاز، احسن خان، حیدر سلطان،موسیٰ خان، افتخار ٹھاکر، ماریہ واسطی، فضیلہ قیصر، کبریٰ خان، روبی انعم، شبنم مجید، حمیر اارشد نے یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے اپنے بیایات دیئے۔
اداکاروں نے اپنے بیانات میں کہا کہ بھارت کے پانچ اگست کے غیر قانونی اقدام کے ایک سال مکمل ہونے پر پاکستانی قوم نے ”یوم استحصال“ منا کر ثابت کر دیا ہے کہ ہم بھارت کے جبر اور دھونس کو مسترد کرتے ہیں اوراپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں۔
پاکستانی حکومت کی جانب سے سرکاری سطح پر ”یوم استحصال“ منا نا بھی اس بات کی دلیل ہے کہ ہم اپنے مظلوم کشمیر ی بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
شوبز شخصیات نے مزید کہا کہ انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب بھارت کو منہ کی کھانا پڑے گی اور مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا اور پاکستان کا نیا سیاسی نقشہ اس جانب پیشرفت ہے۔