بلدیہ وسطی کا محکمہ سینی ٹیشن صفائی کے نام پر کروڑوں کا تیل پی گیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

scam revealed in Sanitation Department of DMC Central

کراچی: بلدیہ وسطی کے محکمہ سینی ٹیشن میں مزید کروڑوں روپے کے گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے۔

محکمہ جاتی ذرائع کے مطابق موجودہ ڈائریکٹر صفائی ستھرائی محمد علی کو مہرا بنا کر چیئر مین قائمہ کمیٹی برائے صفائی ستھرائی زین بھائی اور بلدیہ وسطی کے اہم عہدیدار نے ایم کیو ایم پاکستان کے اعلیٰ عہدیداروں کی ایماء پرمحکمہ سینی ٹیشن کے لیے مختص ایندھن کے ماہانہ کوٹے میں دگنا اضافہ کروایا جبکہ کچرا اٹھانے کا کام پہلے سے کم کر دیا گیا جس سے ڈیزل کم استعمال ہونے لگا جو مذکورہ عہدیداروں نے خرد برد کر لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹھیکے پر دینے کی غرض سے کم کی گئیں 400 کچرا کنڈیوں میں اضافہ کر کے 850 کے لگ بھگ کنڈیاں بنادی گئیں جبکہ 80 گاڑیوں کی مرمت کے لیے ڈپٹی کمشنر وسطی کے پاس مختص فنڈ ز سے صرف 29 گاڑیاں مرمت کروا کر51گاڑیوں کی مرمت کا پیسہ خرد برد کیا گیا۔

گزشتہ 8 ماہ کے قلیل عرصہ میں 115 کے لگ بھگ من پسند افراد کے تبادلے کر کے کماؤمقامات پر تعینات کیا گیا تاکہ ناجائز کمائی کی باتیں باہر نہ نکل سکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کچرا کنڈیوں سے کچرا اٹھانے کے ٹھیکے اپنے ہی ساتھیوں کو دے کر ان ساتھیوں کے ذریعہ افغانیوں کو دیے جاتے ہیں، جس سے ماہانہ لاکھوں کی آمدنی ان کی جیبوں میں جا رہی ہے۔

گزشتہ دنوں ڈی ایم سی سینٹرل کے ایک اہم عہدیدار کی ویڈیو اور تصاویر بھی وائرل ہوئی تھیں جس میں موصوف ایک وسیع کچرا کنڈی پر کرسیاں ڈال کر بیٹھے تھے اور اس کچرا کنڈی کا سودا ایک ٹھیکیدار کے ساتھ طے کر رہے تھے۔

ذ رائع کے مطابق اس کے باوجود ان موصوف کو ایم کیو ایم کے اہم رہنماوں کی آشیر باد حاصل رہی، ذرائع کا کہنا ہے کہ موصوف ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد علی کے ذریعہ ایم کیو ایم کے ان رہنماؤں کو بھاری نذرانہ پہنچاتے رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی ایم سی کے منتخب نمائندوں نے ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت سے دباؤ ڈلواکر ڈی ایم سی سینٹرل کے چیئر مین ریحان ہاشمی کو محکمہ سینی ٹیشن کے معاملات میں مداخلت سے باز رہنے کی ہدایت دلوائی گئی جس کے بعد سے ریحان ہاشمی کو خاموشی اختیار کرنا پڑ گئی ۔

ضلع بھر میں کچروں کے ڈھیر لگنے کی برائی بھی چیئرمین ریحان ہاشمی کے حصے میں آرہی ہے، اس کے باوجود چیئر مین بلدیہ وسطی کی خاموشی معنی خیز ہے، اس حوالے سے ریحان ہاشمی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ان تمام معاملات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کا الزام غلط ہے۔

مزید پڑھیں:مارکیٹ کمیٹی نے برقی کنکشن کے نام پر سبزی منڈی میں تاجروں سے 8 کروڑ لوٹ لیے

چیئرمین محمد ریحان ہاشمی نے کہا کہ جتنی بھی کرپشن کی نشاندہی کی گئی ہے اس کیخلاف بھرپور ایکشن لیا جائیگا اور ذمہ داروں کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائیگی۔

Related Posts