جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کی تاریخ کا اعلان ایک دو روز میں کریں گے، آزادی مارچ پرامن ہوگا اور ہمارا کسی ادارے سے کوئی ٹکراؤ نہیں ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم پہلے 15 ملین مارچ کرچکے ہیں اور اب بھی اکیلے ملین مارچ کرنے کی طاقت رکھتے ہیں، اپوزیشن جماعتوں کواسلام آباد معاہدے پر قائم رہنا چاہیے، آپ دیکھیں گے سب ساتھ ہوں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا آزادی مارچ تحفظ ناموس مارچ، بیرونی طاقتوں کے اثر ورسوخ کیخلاف ہوگا، آزادی مارچ پرامن ہوگا اور ہمارا کسی ادارے سے کوئی ٹکراؤ نہیں ہے، آزادی مارچ کی تاریخ کا ابھی تعین نہیں کیا، ایک دو دن کے اندر تاریخ کا بھی تعین کر لیں گے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے کشمیر کو بیچا ہے، کشمیر کو بیچنے کے بعد اب بین بھی بجا رہے ہیں۔ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کا مسئلہ ہے۔ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے کرب میں مبتلا ہیں۔ حکومت ناجائز اور نااہل ہے، اس کو گرانا ملکی مفاد میں بہتر ہوگا۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت اور (ن) لیگ میں ڈیل سے متعلق میرے پاس کوئی اطلاعات نہیں ہیں، ملک میں باربارفراڈحکومتیں بنتی ہیں اورملک کوبیچ دیا جاتاہے اب اس کے متحمل نہیں ہوسکتے، عمران خان کو ان کے فیصلوں پر کوئی این آر او نہیں دیں گے،انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد جانے کا مقصد کسی ادارے کے ساتھ تصادم کا ارادہ نہیں، آزادی مارچ میں پرامن رہیں گے۔