سوات: سوات کی سماجی شخصیت سردار وقار شہزاد ایڈوکیٹ نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں سے کرائے کی مد میں پی آئی اے کی جانب سے زیادہ کرایہ وصول کیا گیا،جس کی انکوائری ہونی چاہئے اور جوڈیشل کمیشن کا قیام عمل میں لاکر ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دینی چاہئے۔
سردار وقار شہزاد ایڈوکیٹ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حالیہ کورونا وباء کے دوران بیرون ممالک سے اوورسیز پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے پی آئی اے نے کئی گنا زیادہ کرایہ وصول کیا ہے اور سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ انتہائی ظلم و زیادتی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پر نوٹس لیا جائے اور جوڈیشل کمیشن کا قیام عمل میں لاکر ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے کیونکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی جن میں زیادہ تر خیلجی ممالک میں ہیں اور مزدور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں انہوں نے اپنی تمام جملہ کمائی اپنے بچوں کو بھیجنے کی بجائے کرایوں میں ادا کی ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آ ئی اے ایک قومی ادارہ ہے اور مشکل کے وقت اپنے ملک کے باشندوں سے زیادہ کرایہ وصول کرنا انتہائی ظلم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانی اپنی خون پسینے کی کمائی زرمبادلہ صورت میں پاکستان ارسال کرتے ہیں۔
پی آئی اے اور حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو بغیر کسی معاوضہ اپنے ملک لایا جائے۔ سردار وقار شہزاد ایڈوکیٹ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے اسلامی فلاحی ریاست کا وعدہ پورانہیں کیا جو کہ قابل مذمت ہے۔