خورشید شاہ کی گرفتاری پر پیپلز پارٹی نے بھرپور احتجاج کا لائحہ عمل طے کیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

خورشید شاہ کی گرفتاری پر پیپلز پارٹی نے بھرپور احتجاج کا لائحہ عمل طے کر لیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری
خورشید شاہ کی گرفتاری پر پیپلز پارٹی نے بھرپور احتجاج کا لائحہ عمل طے کر لیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ ہم نے اپنے سینئر رہنما خورشید شاہ کی گرفتاری پر بھرپور احتجاج کا لائحہ عمل طے کر لیا ہے۔ آج کی ایگزیکٹو کمیٹی میں آئندہ کا مجموعی سیاسی لائحہ عمل بھی طے کیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گزشتہ روز ہمارے سابق اپوزیشن لیڈر اور رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ کو نیب نے گرفتار کیا ہے، ہم نیب کو بلا وجہ  کالا قانون قرار نہیں دیتے  بلکہ نیب سے متعلق پیپلز پارٹی کا مؤقف روزِ اوّل سے واضح ہے کہ حکومت اسے سیاسی انتقام کے لیے استعمال کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان نے قصور میں 3 بچوں کے قتل کا نوٹس لے لیا، پولیس حکام عہدوں سے برطرف

پیپلز پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ عوام کی توجہ اپنی کمزوریوں سے ہٹانے کے لیے حکومت نے یہ حکمت عملی اختیار کی۔ نیب کو استعمال کرتے ہوئے خورشید شاہ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ مقبوضہ کشمیر کے بارے میں اہم سیاستدانوں کی پریس کانفرنس جاری تھی۔ عین اسی وقت خورشید شاہ کو گرفتار کر لیا گیا، جس پر ہمیں بے حد افسوس ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی سیاسی جماعت ہے اور ہم نے کبھی لسانیت کو ہوا نہیں دی۔ کشمیر کے معاملے پر ہمارا مؤقف بھی وہی ہے جو پوری قوم کا مؤقف ہے۔ ہمارے لیڈر کے خلاف غلط وقت پر کارروائی کی گئی۔ ہم  پوری قوم کے ساتھ مل کر کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانا چاہتے تھے جبکہ معاشی پروگرام ہی پاکستان کے قومی مسائل کا واحد حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی اخلاقی حمایت تو کرتے ہیں لیکن ہم نے کچھ تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا جس پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کی طرف سے کوئی جواب نہیں مل سکا۔ آج بھی پیپلز پارٹی اپنے مؤقف کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم مولانا کے ساتھ اپنے بھی کچھ مطالبات ان کے چارٹر میں رکھنا چاہتے ہیں۔

احتساب کے بارے میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سب کے لیے یکساں احتساب اور مساوی نظام کے ساتھ ساتھ عدلیہ میں بھی اصلاحات ضروری ہیں۔ اصلاحات کا مطالبہ ہم پہلے بھی کر چکے ہیں اور اب ایک بار پھر یہی مطالبہ دہراتے ہیں۔ ہم پارلیمانی سیاست کے ساتھ ہیں۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نےکہا کہ عوامی حکومت ہی پاکستان کے مسائل حل اور اسےترقی کی راہوں پر گامزن کرسکتی ہے،پیپلزپارٹی ملک میں مضبوط جمہوریت کے قیام تک جدوجہد جاری رکھے گی۔

جمہوریت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹوکاکہناتھا کہ جمہوریت ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ،  شہید بی بی نے جمہوریت کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی،آصف علی زرداری کو شہید بھٹو اور شہید بی بی کے جمہوری ویژن کی حفاظت کی پاداش میں قید کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: جمہوریت پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے،بلاول بھٹوزرداری

Related Posts