پشاور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ٹرین آپریشن بحال کرنے پر وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار،ریلوے کرایوں میں کمی کرنے سے انکار کردیا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے نے برطانیہ اور بھارت کے مقابلے میں ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد کم رکھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم 60سے 70 فیصد مسافروں کے ساتھ ٹرینیں چلارہے ہیں اس لئے کرایوں میں کمی کرنا ممکن نہیں ہے۔
شیخ رشید نے کل سے ٹرین آپریشن کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے ٹرین آپریشن کی بحالی مشکل امر تھا لیکن غریبوں کی آمدورفت دوبارہ شروع کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرین آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ عید کے موقع پر اپنے اہل خانہ سے ملنے کے منتظر تھے ، اگر اس ہفتے تک ٹرینوں نے کام شروع نہیں کیا تو بھیڑزیادہ ہوجائیگی۔
مزید پڑھیں:غیر قانونی تعمیرات میں ملوث چیئرمین ریلوے سوسائٹیز کا مبینہ فرنٹ مین گرفتار ہوگیا