کراچی :چینی شہری کے ڈی ایچ اے سے اغوا ہونے کا ڈراپ سین ہوگیا ۔مبینہ مغوی چینی شہری ووچینگ کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کر دیا گیا،چینی شہری ووچینگ 21 اپریل کو خیابان اتحاد سے لاپتہ ہو گیا تھا جس کے اغوا کا مقدمہ تھانہ گزری میں درج کیا گیا تھا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ امیر سعود مگسی کی سربراہی میں بنائی گی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 72 گھنٹے میں چینی شہری کو کے پی کے کے علاقے لوئر دیر میں ٹریس کیا۔
سی سی ٹی وی کیمروں کے ریکارڈ اور سی ڈی آ ر کی مدد سے شروع میں ہی اندازہ ہو گیا تھا کہ یہ اغوا کا کیس نہیں ہے۔چینی شہری کاروبار کے لیے 25 فروری کو پاکستان آ یا تھا اور کافی لوگوں کا مقروض ہو گیا تھا۔
قرض کی واپسی کے لیے پریشان تھا۔چینی شہری کے ویز ے کی میعادبھی 31 مارچ کو ختم ہو چکی تھی۔ جس پر مجسٹریٹ کے حکم پر فارنر ایکٹ کا مقدمہ چینی شہری کے خلاف گزری تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل کا کہنا تھا کہ ووچینگ نے آ ج مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف کیا کہ اس کو کسی نے اغوا نہیں کیا بلکہ وہ بذریعہ روڈ چین جانا چاہتا تھا۔
مزید پڑھیں: کراچی شرقی میں ڈی سی آفس کے قریب لاک ڈاؤن کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری