اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا ایس او ایس مشن وفد معاشی مشاوت کے لیے آج پاکستان پہنچے گااور پاکستانی حکام سے اقتصادی حوالے سے اہم تجاویز پر بات چیت کرے گا۔
ایس او ایس مشن آئی ایم ایف وفد وزیر اعظم پاکستان کی معاشی ٹیم سے اہم ملاقاتیں کرے گا اور ملک کے معاشی و اقتصادی امور کے حوالے سے تجاویز دے گا جو بجٹ اہداف کے حصول میں پاکستان کی مدد کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کےجاری خسارے میں 73فیصدکمی آئی ہے،مشیرخزانہ
وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام کے مطابق آئی ایم ایف کے ایس او ایس مشن وفد کو پاکستان کی طرف سے ٹیکس آمدن پر بریفنگ دی جائے گی۔ وفد کو بتایا جائے گا کہ پاکستان نے ٹیکس کی آمدن بڑھانے کے لیے اب تک کیا اہم اقدامات کیے ہیں اور اب تک اس حوالے سے کیا پیشرفت ہوئی ہے۔
پاکستانی حکام مالی خسارہ کم کرنے اور ٹیکس آمدن بڑھانے کے حوالے سے وفد کی تجاویز پر غور کریں گے۔ اس حوالے سے پاکستان کو درپیش مختلف معاشی و اقتصادی چیلنجز کے حوالے سے بھی بات چیت ہوگی۔
دوسری جانب عالمی ماہرین معاشیات کے مطابق سعودی عرب کے شہر بقیق میں ہونے والے ڈرون حملوں سے سعودی عرب کے تیل کی یومیہ پیداوار میں تقریباً 57 لاکھ بیرل فی یومیہ کی کمی واقع ہونے کے باعث دُنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔
دنیا میں سب سے زیادہ تیل سعودی عرب پیدا کرتا ہے، تاہم حوثی باغیوں کے ڈرون حملوں کے باعث تیل کے بھاری نقصان سے دنیا بھر میں تیل کی فراہمی میں تقریباً 5 فیصد کی کمی واقع ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں تیل کے بھاری نقصان سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ماہرین معاشیات