پنجاب میڈیکل فیکلٹی نے صوبے بھر کے سرکاری طبی تربیتی اداروں میں 17 مختلف پیرامیڈیکل اور متعلقہ طبی شعبوں کے دو سالہ ڈپلومہ کورسز میں داخلوں کا اعلان کردیا ہے۔ داخلوں کے لیے سائنس مضامین کے ساتھ میٹرک پاس امیدوار 20 نومبر 2026 تک آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔
اعلان کے مطابق دستیاب کورسز میں ڈسپنسر، میڈیکل لیبارٹری، آپریشن تھیٹر، ریڈیوگرافی اینڈ امیجنگ، پبلک ہیلتھ، ڈینٹل ٹیکنیشن، ڈینٹل ہائیجینسٹ، ڈینٹل سرجری اسسٹنٹ، ڈائیلاسز، آپتھلمک، فزیوتھراپی، اینستھیزیا، سینٹرل اسٹرلائزیشن، فارمیسی اسسٹنٹ، ڈسپنسنگ آپٹیشنری، کارڈیک اور اینڈوسکوپی ٹیکنیشن کے ڈپلومے شامل ہیں۔
اہلیت اور میرٹ: امیدوار کے لیے فزکس، کیمسٹری اور بائیولوجی کے ساتھ میٹرک میں کم از کم سیکنڈ ڈویژن اور ان تینوں مضامین میں مجموعی طور پر 45 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری ہے۔ داخلے کے لیے عمر کی بالائی حد مقرر نہیں کی گئی۔
معذور امیدواروں کے لیے 2 فیصد کوٹہ مختص ہے جس کے تحت میڈیکل بورڈ کی منظوری ضروری ہوگی۔ متعلقہ معذوری سرٹیفکیٹ رکھنے والے اہل امیدواروں کو 20 اضافی میرٹ نمبر جبکہ حافظ قرآن امیدواروں کو مستند سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر 10 اضافی نمبر دیے جائیں گے۔
درخواست فیس اور دستاویزات: داخلہ فارم کی فیس 500 روپے ناقابل واپسی مقرر کی گئی ہے۔ چالان سرکاری آن لائن پورٹل سے حاصل کرکے مقررہ طریقے سے جمع کروانا ہوگا۔ بینک ڈرافٹ اور پے آرڈر قبول نہیں کیے جائیں گے۔
درخواست کے ساتھ میٹرک کی سند یا رزلٹ کارڈ، ڈومیسائل، شناختی کارڈ یا ب فارم اور حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر فراہم کرنا ہوگی۔ کوٹہ یا اضافی نمبروں کے دعوے کی صورت میں متعلقہ سرٹیفکیٹس بھی جمع کروانا ہوں گے۔
امیدوار داخلہ پورٹل پر زیادہ سے زیادہ پانچ کورسز یا اداروں کو ترجیح دے سکتے ہیں تاہم کسی ایک ترجیح پر داخلہ ملنے کے بعد باقی ترجیحات غیر فعال ہوجائیں گی۔
خواہش مند امیدوار پنجاب میڈیکل فیکلٹی کے سرکاری آن لائن ایڈمیشن سسٹم کے ذریعے 20 نومبر 2026 تک درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ داخلے کا حتمی فیصلہ اہلیت، میرٹ اور دستیاب نشستوں کے مطابق کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








