معروف بھارتی فلم ساز اور ہدایت کار سنجے گپتا 57 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کے اچانک انتقال کی خبر نے بالی ووڈ شخصیات کو غمزدہ کردیا جبکہ اداکارہ کاجول، روینہ ٹنڈن اور ہدایت کار کنال کوہلی سمیت متعدد فنکاروں نے سوشل میڈیا پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
فلم ساز سنجے گپتا کے انتقال کی اطلاع سامنے آنے کے بعد شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد نے ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے ساتھ گزرے لمحات کو یاد کیا۔
اداکارہ کاجول نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر انتہائی تکلیف دہ ہے انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ کے لیے ہمت اور صبر کی دعا بھی کی۔
ہدایت کار کنال کوہلی نے سنجے گپتا کے ساتھ اپنی ملاقاتوں اور خوشگوار یادوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی تقریباً ایک ماہ قبل بھی بات ہوئی تھی۔ ان کے مطابق دونوں ایک ایوارڈ شو کی جیوری میں بھی ساتھ کام کرچکے تھے جہاں اختلافِ رائے کے باوجود ان کے درمیان دوستانہ تعلق برقرار رہتا تھا۔
فلم ساز اشوک پنڈت کے مطابق سنجے گپتا ہفتے کے روز اپنے گھر میں سر پر چوٹ لگنے کے باعث انتقال کرگئے۔ اشوک پنڈت نے انسٹاگرام پر ان کی موت کی خبر دیتے ہوئے انہیں باصلاحیت ہدایت کار، بہترین کہانی سنانے والا اور زندہ دل شخصیت کا مالک قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ سنجے گپتا کا بچھڑنا بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
سنجے گپتا نے ہندی فلم انڈسٹری میں کرائم، ایکشن اور تھرلر فلموں کے ذریعے اپنی الگ پہچان بنائی۔ ان کی نمایاں فلموں میں کانٹے، شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈوالا، شوٹ آؤٹ ایٹ واڈالا، کابل اور ممبئی ساگا شامل ہیں۔
ان کی آخری ہدایت کاری میں بننے والی فلم دی مرانڈا برادرز2024 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں ہرش وردھن رانے اور میزاان جعفری نے اداکاری کی۔ انہوں نے فلم ’وسفوٹ‘ بھی پروڈیوس کی تھی، جس میں فردین خان اور رتیش دیش مکھ شامل تھے۔
سنجے گپتا سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہتے تھے اور بالخصوص فلمی صنعت سے متعلق معاملات پر اپنی رائے کا اظہار کرتے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








