امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے پہلے فولڈیبل اسمارٹ فون آئی فون ڈیو (iPhone Duo) کی اندرونی اسکرین میں خرابی کی شکایات سامنے آنے کے بعد متاثرہ فونز تبدیل کرنے کی پیشکش کردی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایپل نے پیر 26 اکتوبر کو تصدیق کی کہ محدود تعداد میں فونز کی اندرونی اسکرین متاثر ہوئی ہے۔ کمپنی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ ڈسپلے میں مسئلہ آنے پر ایپل کیئر سے رابطہ کریں۔
اسکرین پر دراڑیں اور لکیریں نمایاں
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں بعض آئی فون ڈیو کی اندرونی اسکرین پر دراڑیں اور لکیریں دیکھی گئیں۔ یہ خرابی خاص طور پر اس مرکزی حصے کے قریب رپورٹ ہوئی جہاں سے فون تہہ ہوتا ہے۔ ایپل نے تاحال اس مسئلے کی اصل وجہ واضح نہیں کی۔
ابتدائی فروخت میں صارفین کی بھرپور دلچسپی
ایپل نے گزشتہ ہفتے اس فون کی ترسیل شروع کی تھی، جبکہ ابتدائی آن لائن آرڈرز کے دوران دستیاب اسٹاک چند منٹوں میں ختم ہوگیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، فون کا پیچیدہ ڈیزائن اس کی تیاری اور دستیابی کو متاثر کرسکتا ہے۔
خرابی کی ممکنہ وجہ کا جائزہ
الیکٹرانک آلات کی مرمت سے متعلق رہنمائی فراہم کرنے والی کمپنی iFixit نے فون کے اندرونی ڈیزائن کا جائزہ لینے کے لیے ویڈیوز، پیٹنٹس اور سی ٹی اسکینز کی مدد سے ہنج کا تھری ڈی ماڈل تیار کیا۔ اس ماڈل کا موازنہ اسکرین کو نقصان پہنچنے کے رپورٹ شدہ مقامات سے کیا گیا تاکہ ممکنہ وجوہات کو سمجھا جاسکے تاہم اسکرین میں خرابی کی حتمی وجہ ابھی سامنے نہیں آئی۔
ایپل نے متاثرہ فونز کی تعداد اور مسئلے کے حل سے متعلق مزید تفصیلات بھی جاری نہیں کیں۔ اب صارفین کی نظریں کمپنی کی آئندہ وضاحت اور ممکنہ تکنیکی اصلاحات پر ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








