معروف اداکارہ، گلوکارہ اور کامیڈین بشریٰ انصاری کا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے اپنے قریبی دوستوں کے بیٹے اور بہو کی علیحدگی پر تبصرہ کیا ہے جسے اداکار بہروز سبزواری کے صاحبزادے شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف کی طلاق سے منسوب کیا جارہا ہے۔سوشل میڈیا صارفین میں بحث چھڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ ہمارے 2 بہت قریبی دوست ہیں جن کی بہو نے صاف کہا کہ وہ اپنی ساس اور سسر کے ساتھ رہنے کے حق میں نہیں، جبکہ ان کا وہ اکلوتا بیٹا ہے۔ ساس اور سسر نے بہو سے کہا کہ بیٹا کوئی بات نہیں۔
سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ ساس اور سسر نے کہا کہ ہم خود ایمار کے ایک خوبصورت اپارٹمنٹ میں منتقل ہوجائیں گے، تم یہاں اپنے شوہر کے ساتھ رہ جاؤ، جس پر ان کے بیٹے نے یہ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے والدین کو چھوڑ کر نہیں جاؤں گا۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ ان کی بہو بھی اچھی تھی اور وہ لوگ بھی برے نہیں تھے، لیکن بہو صرف آزادی چاہتی تھی۔ ویڈیو بیان وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اس پر مختلف انداز میں تبصرے کرتے نظر آرہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بشریٰ انصاری نے اپنے بیان میں کہیں بھی یہ واضح طور پر نہیں کہا کہ وہ شہروز سبزواری یا سائرہ یوسف کے متعلق بات کر رہی ہیں، تاہم سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ یہ بات شہروز اور سائرہ کی طلاق سے ہی منسوب کی جاسکتی ہے۔ دوسری جانب سائرہ یوسف یا شہروز سبزواری نے بھی اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








