اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی امریکا آمد پر شدید احتجاج کیا جائے۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری برائے او آئی سی ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ سے گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں خصوصی ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے بھارت کو بین الاقوامی سطح پر عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت فاشسٹ مودی کا ملک بن چکا، پاکستان اعتدال پسند ہے۔ فواد چوہدری
ملاقات میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حکومت کے حالیہ اقدامات، کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر سمندر پار پاکستانیوں کے تاثرات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی تیاریوں پر مشاورت اور وزیر اعظم کے حالیہ دورۂ امریکا کے بعد کی صورت حال پر بھی گفتگو کی گئی۔
عمران خان نے کہا کہ ظالم مودی حکومت کشمیریوں پر آئے دن شدید ظلم کر رہی ہے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تحریک انصاف کی تنظیم برائے بین الاقوامی شعبہ جات کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف امریکی عوام اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو امریکا میں متحرک کرے۔ جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران بھارت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تحریک انصاف مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور کشمیریوں پر ظلم و ستم سے عالمی برادری کو آگاہ کرے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارے سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کی موجودگی میں بھارت کے پاس کشمیر پر قبضے کا کوئی جواز نہیں۔ کشمیری عوام کی آواز دنیا کے ہر فورم تک پہنچائیں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور بھارت مل کر مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو حل کریں۔برطانوی وزیر اعظم