کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس کمرشل ایریا میں ایک اور شرمناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان کو مبینہ طور پر ایک بااثر شخص نے سرعام ہراساں کیا اور زبردستی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص متاثرہ لڑکے کو گریبان سے پکڑے کھڑا ہے، جب کہ لڑکے کی بہن بے بسی سے چیختی چلاتی مدد کی اپیل کر رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ دن دہاڑے ہوا اور مذکورہ شخص نے مبینہ طور پر اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے نوجوان کو دھمکایا۔ واقعے کے کے حوالے سے مقدمے کے اندراج یا گرفتاری سے متعلق تاحال کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یہ واقعہ شہر قائد میں حالیہ دنوں میں پیش آنے والے ایسے دوسرے واقعات کی ایک کڑی ہے۔ چند روز قبل اسی نوعیت کا واقعہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پیش آیا جہاں “سدھیر” نامی نوجوان کو بھی مبینہ طور پر ایک بااثر شخص نے تشدد کا نشانہ بنایا اور اغوا کرنے کی کوشش کی۔
شہری حلقوں نے ان واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے واقعات کی غیرجانبدارانہ اور فوری تحقیقات کریں تاکہ قانون کی بالا دستی کو یقینی بنایا جا سکے اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔