عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے دوران پیش آنے والے حادثات میں متعدد افراد زخمی اور ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں قربانی کے جانور کی لات لگنے سے ایک نوجوان جاں کی بازی ہار گیا، جب کہ پنجاب بھر میں ایسے ہی دیگر واقعات میں 144 افراد زخمی ہوئے۔
صوابی کی تحصیل ٹوپی کے علاقے مینئی لویہ لار میں قربانی کی گائے کو ذبح کرنے کے لیے قابو پانے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ اسی دوران گائے نے پیچھے کی جانب زور دار لات ماری، جو ایک نوجوان کے سینے پر جا لگی۔
زخم اتنا شدید تھا کہ وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ لاش کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا اور ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔
افسوسناک واقعے کے بعد اہلِ خانہ شدید غم میں مبتلا ہو گئے، جبکہ علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔ مقامی لوگوں نے اسے عید کے روز پیش آنے والا افسوسناک سانحہ قرار دیا۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی قربانی کے جانوروں کو قابو کرنے اور ذبح کرنے کے دوران بھگدڑ، دھکم پیل سے ہونیوالے حادثات کے نتیجے میں 144 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 33 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق111 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر گھر جانے کی اجازت دے دی گئی جبکہ 33 شدید زخمی مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعات لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں رپورٹ ہوئے، جہاں جانوروں کے بھاگنے یا بے قابو ہونے کی وجہ سے عوامی مقامات پر ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی۔