کراچی: عید الاضحی کے دوسرے روز شہر قائد کا موسم نسبتاً معتدل اور خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کے باعث محسوس ہونے والا درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں بحال ہیں اور دن بھر یہ ہوائیں 25 سے 42 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی رہیں گی، جو موسم کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ شہر کا آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، تاہم بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
موسم کی یہ کیفیت ساحلی علاقوں میں مقیم شہریوں کے لیے باعثِ راحت ہے، جو شدید گرمی کے بعد عید کے پرمسرت لمحات کو نسبتاً بہتر موسم میں گزار رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم میں کسی بڑی تبدیلی کی توقع نہیں، تاہم شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دھوپ کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال بڑھائیں تاکہ گرمی سے بچا جا سکے۔