لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس فیز اے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون کو کار سوار افراد نے زبردستی اغوا کرلیا۔ اغوا کا یہ واقعہ سیکیورٹی کیمروں میں قید ہو گیا اور فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد عوام میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق، مہوش نامی خاتون کو دو افراد نے سڑک کنارے زبردستی پکڑ کر ایک کار میں دھکیلا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان کس بے رحمی سے خاتون کو کار میں ڈال کر لے جا رہے ہیں۔
ایس ایچ او ڈیفنس اے خرم شہزاد کے مطابق مغویہ کے بھائی امین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں مہوش کے سابقہ شوہر فیاض کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے اپنے ساتھیوں ایوب اور ایک نامعلوم شخص کے ہمراہ اغوا کی یہ منصوبہ بندی کی۔
ایس پی کینٹ ڈویژن قاضی علی رضا نے بتایا ہے کہ اغوا کاروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور بہت جلد مغویہ کو بازیاب کرا لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایچ او خرم شہزاد کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو سی سی ٹی وی فوٹیج، موبائل ڈیٹا اور دیگر شواہد کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھا رہی ہے۔