ہالی ووڈ بھی فاشسٹ امریکی حکومت کا ہمنوا بن گیا، اداکارہ میلیسا بریرہ کو فلسطینیوں کی حمایت میں پوسٹ لگانے پر فلم اسکریم سیون سے نکالا تو ساتھی اداکارہ جینا اورٹیگا نے بھی احتجاجاً فلم چھوڑ دی، فلم کی ریلیز فروری 2026 تک ملتوی کردی گئی۔
دنیا بھر میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے اور اب ہالی وُوڈ کی دو معروف اداکاراؤں نے بھی ایک بڑی فلم کو خیرباد کہہ کر اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے۔ ہارر فرنچائز اسکریم 7 سے اداکارہ میلیسا بیریرا اور جینا آرٹیگا کی علیحدگی نے فلمی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے، اور اب ان دونوں فنکاراؤں کے فیصلوں کو فلسطینی عوام کی حمایت سے جوڑا جا رہا ہے۔
میلیسا بیریرا کی برطرفی دراصل حق گوئی کی قیمت
اداکارہ میلیسا بیریرا کو اسکریم 7 سے اس وقت نکالا گیا جب انہوں نے فلسطین کے حق میں سوشل میڈیا پر آواز اٹھائی۔ انہوں نے غزہ میں جاری مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کھل کر تنقید کی، جس پر پروڈکشن کمپنی نے ان کا کنٹریکٹ منسوخ کر دیا۔ بیریرا کا یہ قدم دنیا بھر میں آزادی اظہار کے حوالے سے ایک نئی بحث چھیڑ گیا ہے۔
جینا آرٹیگا کی اخلاقی ہم آہنگی
میلیسا کی برطرفی کے فوراً بعد جینا آرٹیگا نے بھی فلم سے علیحدگی اختیار کر لی۔ ابتدا میں ان کے جانے کی وجوہات کو شیڈولنگ یا تنخواہ کے مسائل سے جوڑا جا رہا تھا، لیکن حالیہ انٹرویو میں آرٹیگا نے واضح کر دیا کہ ان کا فیصلہ بھی جزوی طور پر اسی بحران سے متاثر تھا۔
انہوں نے کہا، ’یہ نہ تو تنخواہ کا مسئلہ تھا اور نہ ہی شیڈول کا۔ میلیسا کے ساتھ جو کچھ ہو رہا تھا، وہ سب کچھ بکھر رہا تھا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ فلم کے پچھلے دونوں حصوں کے ہدایتکاروں کی عدم موجودگی نے بھی ان کے فیصلے کو تقویت دی، لیکن جو ماحول پیدا ہو چکا تھا، اس میں کام کرنا ان کے لیے مناسب نہ تھا۔
اسکریم 7 اب ایک نئی شکل اختیار کر چکی ہے، جس میں فرنچائز کی پرانی اداکارہ نیو کیمبل کی واپسی متوقع ہے۔ ان کے ساتھ کورٹنی کاکس، میتھیو للارڈ، ڈیوڈ آرکیٹ، اور اسکاٹ فولی جیسے معروف چہرے بھی جلوہ گر ہوں گے۔ تاہم، شائقین کے لیے میلیسا اور جینا کی غیر موجودگی نمایاں محسوس کی جائے گی۔
یہ پہلا موقع نہیں جب کسی فنکار نے اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے کیریئر کے اہم موڑ پر جرأت مندانہ فیصلہ کیا ہو، مگر آج کے حساس عالمی ماحول میں یہ قدم اور بھی زیادہ اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ میلیسا بیریرا اور جینا آرٹیگا نے ثابت کر دیا کہ شہرت سے زیادہ اہم انسانیت، انصاف اور سچائی ہے۔
ان دونوں باہمت اداکاراؤں کا یہ فیصلہ دنیا بھر میں فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی رکھنے والوں کے دلوں میں جگہ بنا چکا ہے۔