ساؤتھ ہیرو بننے کی کوشش نے دن میں تارے دکھا دئیے، ڈھائی کلو کا ہاتھ پاؤ کا رہ گیا، سلمان خان کی سکندر اور ورون دھون کی بے بی جان کے بعد سنی دیول کی فلم جاٹ بھی باکس آفس پر فلاپ ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گدر 2 جیسی فلم کے ساتھ کئی باکس آفس ریکارڈ اپنے نام کرنے والے سنی دیول جاٹ کے ذریعے ایک نئی کہانی سامنے لائے اور فلم میں اچھا خاصا ایکشن موجود ہے، تاہم بھارتی مداحوں کی بڑی تعداد نے فلم کو پسند نہیں کیا۔
آج سے 2 روز قبل ریلیز کی گئی فلم جاٹ نے پہلے ہی روز ساڑھے 9 کروڑ کی کمائی لیکن دوسرے ہی دن فلم کی کمائی اور بھارت بھر میں شوز کی تعداد کم ہونے لگی۔ فلم نے 7 کروڑ کمائے اور کل کلیکشن ساڑھے 16کروڑ تک جا پہنچی۔
ریلیز کے روز فلم کے 5ہزار 585 شوز کے مقابلے میں دوسرے روز 5ہزار 141 شوز ہوئے اور تقریباً 400 شوز ختم کردئیے گئے جن میں ممبئی کے 100 اور دہلی کے 30 شوز بھی شامل تھے جس کے نتیجے میں فلم کی کمائی پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔
جاٹ میں سنی دیول کے ساتھ رندیپ ہودا نے طاقتور ولن کا کردار نبھایا ہے جس میں رامپا کرشنن اور جگپتی بابو جیسے ساؤتھ انڈین اداکاروں نے بھی اپنے اپنے کردار نبھائے۔ یوں جاٹ ساؤتھ فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کی کوشش کے طور پر دیکھی جارہی ہے۔