پھلوں میں مسمی اپنے مزے دار ترش ذائقے کے ساتھ رطوبت سے بھرپور اور تازگی بخش پھل ہے۔ اس میں وٹامن C، فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے، جو اسے مدافعتی نظام ہاضمے وغیرہ کے لیے مفید بناتی ہے۔
بھارتی اخبار کے حوالے سے العربیہ نے رپورٹ کیا ہے کہ سائنسی مطالعوں کے نتائج کے مطابق روزانہ دو مسمیاں کھانے سے درج ذیل حیران کن فوائد حاصل ہوتے ہیں:
1 – مزاج (موڈ) کی بہتری
ہارورڈ گزٹ کے مطابق، ہارورڈ میڈیکل اسکول کے پروفیسر اور ماساچوسٹس جنرل ہسپتال میں معالج ڈاکٹر راج مہتا کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ روزانہ ایک مسمی کھانے سے افسردگی میں 20% تک کمی آ سکتی ہے۔
تحقیق کے مطابق مسمی جیسا ترش پھل Faecalibacterium prausnitzii نامی بیکٹیریا کی نشونما کو بڑھا سکتے ہیں۔ یہ انسانی آنتوں میں پایا جانے والا ایک بیکٹیریا ہے اور یہ نیوروٹرانسمیٹرز جیسے سیروٹونن اور ڈوپامین کی پیداوار پر اثرانداز ہوتا ہے، یہ دونوں مزاج کو بہتر بنانے والے دو معروف مالیکیول ہیں۔
2 – قوت مدافعت کی مضبوطی
مسمی چوں کہ وٹامن C سے بھرپور ہوتی ہے جو مدافعت کو تقویت دیتا ہے۔ لہذا یہ انفیکشن، نزلہ زکام اور فلو سے لڑنے میں مدد دیتا ہے۔
3 – جلد کی صحت بہتر
مسمی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن سی … کولیجین کی پیداوار کو بڑھاتے ہیں، جس سے جھریاں کم ہوتی ہیں اور جلد کو صحت مند چمک ملتی ہے۔ مسمی میں اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی انفلیمیٹری خصوصیات بھی ہوتی ہیں، جو اضافی تیل کے اخراج کو کنٹرول کر کے اور بیکٹیریا سے لڑ کر مہاسوں کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
4 – دل کی صحت کے لیے مفید
مسمی ، پوٹاشیم سے بھرپور (181 ملی گرام فی 100 گرام) ہوتی ہے جو خون کی نالیوں کو سکون دینے اور صحت مند خون کے دباؤ کی سطح کو برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ اسی طرح مسمی میں موجود حل پذیر ریشے (پیکٹین) آنتوں میں کولیسٹرول سے جڑ کر برے کولیسٹرول (LDL) کی سطح کو کم کرنے اور دل کی بیماریوں کے خطرے کو گھٹانے میں مدد دیتے ہیں۔
5 – ہاضمے کی بہتری
مسمی میں حل پذیر ریشے ہوتے ہیں جو اجابت کو نرم کرنے اور آنتوں کی حرکت کو بڑھانے میں مدد دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ، مسمی میں موجود پری بایوٹک ریشے آنتوں میں مفید بیکٹیریا کو غذا فراہم کرتے ہیں۔ اس سے عمومی طور پر نظام ہضم کی صحت میں بہتری آتی ہے اور یہ اپھارے کو روکتا ہے۔
6 – آبی کمی کا علاج
مسمی میں پانی کی مقدار 85% تک ہوتی ہے، جو جسم میں سیال کی کمی کو پورا کرنے اور جسم کی نمی کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے، خاص طور پر گرم موسم میں یا ورزش کے بعد۔ اس میں پوٹاشیم، میگنیشیم اور سوڈیم بھی ہوتا ہے، جو سیالوں کے توازن کو برقرار رکھنے اور ڈی ہائیڈریشن (پانی کی کمی) کو روکنے میں مدد دیتا ہے۔
7 – آنکھ کی صحت
مسمی کا پھل وٹامن A اور C سے بھرپور ہوتا ہے جو آنکھوں کی خون کی نالیوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ مسمی کھانا موتیا بند اور مکولا کی انحطاط کے خطرے کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے۔
8 – دماغی صحت کی مضبوطی
مسمی میں فولک ایسڈ اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو دماغ کی صحت کو سہارا دیتے ہیں اور یادداشت بہتر بناتے ہیں۔ یہ ممکنہ طور پر نیورولوجیکل امراض کے خطرے کو کم کرتے ہیں۔
9 – تناؤ اور اضطراب میں کمی
مسمی میں موجود وٹامن C انسانی جسم میں کورٹیسول کی سطح کو کم کرتا ہے۔ اس سے تناؤ، اضطراب اور تھکاوٹ پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے علاوہ، مسمی میں وٹامنز B (خاص طور پر فولک ایسڈ اور وٹامن B6) بھی ہوتے ہیں جو سیرٹونن اور ڈوپامین کی پیداوار میں مدد دیتے ہیں۔ یہ دونوں نیوروٹرانسمیٹر ہیں اور خوشی اور آرام کے احساس کو بڑھاتے ہیں۔
10 – جسم سے زہریلے مواد کا اخراج
مسمی ، انسانی جگر کے کام کو سہارا دیتی ہے اور جسم سے زہریلے مادوں کو نکالنے میں مدد دیتی ہے۔ اس کی وجہ مسمی میں زیادہ مقدار میں پانی اور اینٹی آکسیڈنٹس کی موجودگی ہے۔