کراچی: گزشتہ روز کی شدید گراوٹ اور مندی کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مثبت رجحان دیکھا گیا ہے جب کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ بحالی کی جانب گامزن ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسشینج کی ویب سائٹ کے مطابق آج 11 بج کر 3 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1ہزار 782 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 1 لاکھ 16 ہزار 692 پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا ہے۔
گزشتہ روز امریکا کی جانب سے پاکستان سمیت دیگر ممالک پر بھاری ٹیرف نفاذ اور چین کی طرف سے جوابی محصولات عائد کرنے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسگینج میں یکمشت 3 ہزار 882پوائنٹس کی بھاری بھرکم کمی ہوئی تھی۔ شدید مندی کے پیشِ نظر کاروبار 45 منٹ کیلئے روک دیا گیا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کا اختتام 1 لاکھ 14 ہزار 909 پوائنٹس پر ہوا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ چین نے ٹرمپ کے محصولات پر آخری دم تک لڑائی کا اعلان کیا جس کے بعد اہم ایشیائی مارکیٹس مثبت رجحان کا تجربہ کر رہی ہیں۔
خیال رہے کہ چینی حکومت کا امریکی صدر کی جوابی ٹیکس واپس نہ لینے کی صورت میں اضافی 50فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی کے بعد کہنا تھا کہ ٹیرف کا نفاذ دھونس اور دھمکی ہے، ہم آخری دم تک لڑیں گے۔ امریکی محصول ایک عام یکطرفہ غنڈہ گردی کے مترادف ہے۔