اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جنوری 2025 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تحت کے الیکٹرک صارفین کے لیے فی یونٹ 3 روپے 2 پیسے کی کمی کی منظوری دے دی ہے جو اپریل 2025 کے بلوں میں ظاہر ہوگی۔
یہ ایڈجسٹمنٹ نیپرا کی اُس پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد عالمی ایندھن کی قیمتوں اور بجلی کی پیداواری لاگت میں تبدیلیوں کے مطابق صارفین کو ریلیف دینا ہے۔ نیپرا کا فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میکانزم صارفین کو اس وقت فائدہ دیتا ہے جب ایندھن کی قیمتوں میں کمی واقع ہو۔
نیپرا نے جنوری کے فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت 2 ارب روپے عارضی طور پر روک لیے ہیں تاکہ مستقبل میں صارفین پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے۔
یہ رقم جزوی لوڈ، اوپن سائیکل آپریشن، پلانٹس کی کارکردگی میں کمی اور اسٹارٹ اپ اخراجات جیسے عوامل کی بنیاد پر ایڈجسٹ کی جائے گی اور یہ کے الیکٹرک کے زیرِ التواء دعوؤں کے خلاف ایڈجسٹ ہوں گے۔
واضح رہے کہ نیپرا کی یہ ایڈجسٹمنٹ بیشتر صارفین پر لاگو ہوگی تاہم لائف لائن صارفین، گھریلو پروٹیکٹڈصارفین، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز ، اور پری پیڈ میٹر والے صارفین اس ریلیف سے مستثنیٰ ہوں گے۔
کے الیکٹرک نے جنوری کے لیے فی یونٹ 4 روپے 84 پیسے کمی کی درخواست دی تھی لیکن تفصیلی جائزے کے بعد نیپرا نے 3 روپے 2 پیسے فی یونٹ کی کمی کی منظوری دی۔
مزید برآں نیپرا فروری 2025 کے لیے بھی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ 6 روپے 62 پیسے کی ممکنہ کمی پر غور کر رہا ہے جو آئندہ دنوں میں کراچی کے بجلی صارفین کو مزید ریلیف دے سکتی ہے۔
یاد رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حالیہ دنوں میں ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت گھریلو صارفین کے لیے فی یونٹ 7 روپے اور صنعتوں کے لیے 7 روپے 59 پیسے کی رعایت دی گئی ہے۔