لاہور: واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی واسا لاہور نے عیدالفطر کے دوران شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پانی کی فراہمی کے اوقات میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔
یہ اقدام عید کے موقع پر پانی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے جو عوام کی سہولت اور خوشیوں میں واسا لاہور کے عزم کا مظہر ہے۔
عید کے سلسلے میں واسا کے مینیجنگ ڈائریکٹر غفران احمد کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پانی کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور ٹیوب ویل آپریشن شیڈول اور پانی کی فراہمی کے اوقات کو حتمی شکل دی گئی۔
اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ شہریوں کو مقررہ اوقات میں پانی فراہم ہو، تمام آپریشنل عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران پانی اور نکاسی آب کی سہولیات بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں۔
واسا لاہور کے پانی کی فراہمی کے اوقات
عید کے دنوں کے اوقات عید کے بعد کے معمول کے اوقات
پہلا سیشن صبح 4:30 سے 10:00 بجے تک صبح 5:00 سے 9:00 بجے تک
دوسرا سیشن دوپہر 12:00 سے 2:00 بجے تک دوپہر 12:00 سے 2:00 بجے تک
تیسرا سیشن شام 5:00 سے 8:30 بجے تک شام 5:00 سے 8:30 بجے تک
واسا نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے ہیں تاکہ لاہور کے شہری عید کی خوشیوں کو بغیر کسی پریشانی کے منا سکیں۔
اس سے قبل سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے اعلان کیا تھا کہ سندھ، بشمول کراچی، میں عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی جس سے عوام کو بڑی سہولت ملے گی۔