پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال خرابئ صحت کے باعث ہسپتال منتقل ہو گئے ہیں جس پر کارکنانِ ن لیگ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو صحت کی خرابی کے باعث آج لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، بدعنوانی کیس میں نامزد ن لیگ رہنما کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم ہسپتال لے کر گئی۔
ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال کو سخت سیکورٹی انتظامات میں ہسپتال لایا گیا۔ ہسپتال کے اردگرد پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا جبکہ ہسپتال میں ان کا علاج شروع کردیا گیا۔
لاہور کے سروسز ہسپتال میں رواں ماہ کے دوران ہی احسن اقبال کو بازو کی سرجری کرانا پڑی۔ سرجری گرفتاری سے قبل عمل میں لائی گئی جبکہ انہیں 24 دسمبر کے روز نیب ٹیم نے نارووال سپورٹس سٹی میں بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا۔
گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا میڈیکل چیک اپ کیا گیا جس کے بعد انہیں مکمل طور پر فٹ بھی قرار دیا گیا تھا۔ ن لیگ رہنما احسن اقبال پر وفاقی حکومت اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے فنڈز میں کرپشن کا الزام ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ اگر مجھے پرویز مشرف کی سزا کی حمایت کر نے پر گرفتار کیا گیا ہے تو مجھے قبول ہے ،حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے24دسمبر کو احسن اقبال نے کہاکہ اگر مجھے اس لیے گرفتار کیا گیا ہے کہ میں نے نارووال کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا تو مجھے یہ سزا قبول ہے۔
مزید پڑھیں: مشرف سزا کی حمایت پر گرفتاری قبول ہے، احسن اقبال