کراچی میں دوستوں کو گاڑی خریدنے کی خوشی راس نہ آئی، مٹھائی کھانے کے لیے جانے والے 5 دوستوں کی گاڑی کو تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آگیا جس کے دوران 3 جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے ہیں۔
شہرِ قائد کے شیر شاہ چوک پر کھڑے ٹریلر سے ٹکرانے والی گاڑی میں بیٹھے 5 دوستوں میں سے 3 موقعے پر جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقعے پر پہنچ کر جاں بحق اور زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ شیر شاہ اور اردو بازار کے رہائشی دوستوں میں سے افتخار حادثے کا شکار گاڑی کا مالک بتایا جاتا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں گاڑی کا مالک افتخار اور اس کے 2 دوست فاروق اور کامران شامل ہیں جبکہ جمیل اور سہیل نامی 2 افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
گاڑی کے مالک افتخار کے اہل خانہ کے مطابق افتخار نے گاڑی 2 روز قبل خریدی، حادثے کے وقت ڈرائیونگ سیٹ پر افتخار موجود تھا جبکہ دیگر دوست اس کے ساتھ گاڑی خریدنے کی خوشی میں مٹھائی کھانے جا رہے تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل دھند کے باعث صوبہ پنجاب کے شہر گجرانوالہ سے سیالکوٹ جانے والی مسافر بس نالے میں گرنے کے بعد 4 افراد ڈوب کر جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہوگئے ، جاں بحق افراد میں 1شیرخوار بچی بھی شامل ہے۔
یہ افسوسناک حادثہ گجرانوالہ کے علاقے وزیر آباد گیمن پل کے نزدیک پیش آیا۔ حادثے کا شکار کوسٹربس شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد مسافروں کو واپس لے جا رہی تھی۔
مزید پڑھیں: سیالکوٹ جانے والی مسافر بس کا حادثہ ، 4 افراد جاں بحق