ٹیلبیگ فاؤنڈیشن نے 2025 کے لیڈرز مینٹورنگ لیڈرز فیلوشپ پروگرام کے لیے شریک بانی وسی او او صحت کہانی ڈاکٹر عفت ظفر آغا کو 14 ابھرتے ہوئے عالمی رہنماؤں میں شامل کیا ہے۔
ڈاکٹر عفت کو 109 ممالک کے 818 امیدواروں کے مقابلے میں ان کی قیادت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت کے نظام میں انقلابی تبدیلیوں پر منتخب کیا گیا۔
یہ پروگرام (TLML) ابھرتے ہوئے رہنماؤں کی ترقی کو تیز کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کے تحت ٹیلبیگ فاؤنڈیشن کے عالمی نیٹ ورک کے ماہر سرپرستوں کے ساتھ انہیں منسلک کیا جائے گا۔ ایک سالہ مینٹورشپ جنوری 2025 میں اٹلی کے یونیورسٹی آف پاویا میں ورکشاپ کے ساتھ شروع ہوگی۔
فاؤنڈیشن کے چیئرمین ایلن اسٹوگا کا کہنا ہے کہ “ہماری دنیا بے مثال چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے اور ہمیں جرات مند، اختراعی رہنماؤں کی ضرورت ہے ، یہ پروگرام ایسے رہنماؤں کو تربیت دینے کے لیے بنایا گیا ہے تاکہ وہ اپنے شعبوں میں اہم تبدیلیاں لا سکیں۔”
پروگرام لیڈر مائیکل نیکونچک نے کہا، “یہ گروپ پہلے ہی اثر انگیز تبدیلیاں لا رہا ہے۔ ہمارا مقصد ان کی رہنمائی کو مزید مؤثر بنانا ہے تاکہ وہ عالمی قیادت کے مطالبات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں اور جلد مزید اثر ڈال سکیں۔”
ڈاکٹر عفت پاکستان میں صحت کی سہولیات کو نظرانداز شدہ کمیونٹیز تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ صحت کہانی پاکستان کے اہم ٹیلی میڈیسن نیٹ ورکس میں سے ایک کے ذریعے انہوں نے دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کیا۔
ان کے 14 سالہ تجربے میں فارماسیوٹیکل اور ڈیجیٹل ہیلتھ کے شعبے شامل ہیں۔ وہ ضیاء الدین یونیورسٹی سے میڈیکل کی ڈگری اور ایڈنبرا یونیورسٹی سے ماسٹرز ان گلوبل ای ہیلتھ (کامن ویلتھ اسکالرشپ) کی حامل ہیں۔
دو بیٹیوں ماں اکٹر عفت کی خدمات کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، جن میں اسٹڈی یوکے ایلومنی ایوارڈ 2024، یو ایس ایڈ پرائز 2023، ہیروئنز آف ہیلتھ کیئر ایوارڈ 2022 اور ایم آئی ٹی ایلیویٹ پرائز 2020 شامل ہیں۔ انہوں نے گرانڈ چیلنجز کینیڈا جیسے عالمی فورمز پر بھی خطاب کیا ہے۔